نفرت انگیز تقریر : عمران مسعود کو ضمانت منظور

سہارنپور ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لوک سبھا امیدوار عمران مسعود کی آج ضمانت منظور کرلی گئی۔ انہیں نفرت انگیز تقریر کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وکیل دفاع نے یہ استدلال پیش کیا کہ عمران مسعود پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کیلئے مختلف دفعات کے تحت جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ غلط ہے۔

اس سے پہلے عمران مسعود نے سہارنپور میں ایک ریالی سے خطاب کے دوران نریندر مودی کے ٹکڑے ٹکڑے کردینے کی دھمکی دی تھی۔ ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور 14 دن کیلئے جیل بھیج دیا تھا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چتورتھ چوان پرکاش نے فی کس 50 ہزار روپئے کے دو مچلکوں پر انہیں ضمانت دے دی اور اس طرح کے ریمارکس نہ کرنے کا انتباہ دیا۔ بحث کے دوران وکیل دفاع نے کہا کہ عمران مسعود کے خلاف غلط دفعات کے تحت الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کا بیان کسی مخصوص مذہبی گروپ کے خلاف اہانت آمیز نہیں تھا۔

انہوں نے ویڈیو کلپنگ پرانی ریالی کی ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران مسعود کے ساتھ دکھایا جانے والا شخص شیرسنگھ رعنا اب گذر چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کانگریس لیڈر سیکوریٹی حصار میں بھی نہیں ہیں جبکہ انتخابی ریالی میں عام طور پر سیکوریٹی عملہ موجود ہوتا ہے۔ جج نے عمران مسعود کو خبردار کیا کہ وہ اس طرح کے بیانات کا اعادہ نہ کریں۔ ان کا ویڈیو منظرعام پر آتے ہی تیزی سے پھیل گیا تھا جس پر 28 مارچ کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی اور دوسرے دن گرفتاری عمل میں آئی۔