ممبئی ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے باصلاحیت اداکار عرفان نے کہا کہ ان کا انتخابی سیاست میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ، حالانکہ مختلف پارٹیوں نے انہیں راغب کرنے کی کوشش ضرور کی تھی ۔ گزشتہ روز اداکارہ نغمہ کے ساتھ انتخابی مہم کے دوران ان کے گال پر معمر ایم ایل اے کی جانب سے بوسہ لینے کی کوشش کے واقعہ کا جب تذکرہ کیا گیا تھا۔ عرفان نے کہا کہ نغمہ کیساتھ تین تا چار ایسے باؤنسرس ہونے چاہئے جو انہیں بھیڑ بھار کے دوران بچائے رکھیں اور کسی بھی شخص کو ان کے قریب نہ آنے دیں، چاہے وہ کوئی موجودہ ایم پی یا ایم ایل اے ہی کیوں نہ ہو۔ افسوس کی بات ہے کہ ایسی خواتین کے ساتھ بھی ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جبکہ وہ عوامی نمائندہ (اگر جیت گئیں تو) بننے والی ہیں اور عوام کے سامنے ہی ان کی درگت بنادینا کوئی اچھی بات نہیں۔ انہوں نے نغمہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی آئندہ انتخابی مہم کے دوران بیحد چوکنا رہیں۔ عرفان نے کنگنا راناوت کی حالیہ ریلیز فلم کوئین کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ کنگنا نے بالآخر ثابت کردیا کہ ان میں بھی صف اول کی اداکاراؤں جیسا ٹیلنٹ موجود ہے۔