رتبہ کا لحاظ کئے بغیر خاطیوں کو سزا دی جائے گی : نرسمہا ریڈی
حیدرآباد /26 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ انکاونٹر میں مہلوک گینگسٹر محمد نعیم الدین کے کیسیس میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا ۔ نرسمہا ریڈئ نے جو آج ضلع نلگنڈہ کے یادگیری ٹاون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے کہا کہ بھونگیر نعیم اور اس کی ٹولی کی تمام مجرمانہ سرگرمیوں کی جامع تحقیقات کیلئے ریاستی حکومت نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم ( ایس آئی ٹی ) تشکیل دی ہے ۔ یہ ٹیم مختلف پہلوؤں سے کئی کیسیس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ نعیم سے مربوط کسی بھی شخص کو اس کے رتبہ کا لحاظ کئے بغیر سخت سزاء دی جائے گی ۔ نرسمہا ریڈی نے دریائے گوداوری پر آبپاشی پراجکٹوں کی تعمیر کیلئے مہاراشٹرا کے ساتھ حکومت تلنگانہ کے طئے شدہ تاریخی سمجھوتہ کی ستائش کی اور کہا کہ ان پراجکٹوں کی تکمیل کے بعد ریاست تلنگانہ ایک سبز خطہ میں تبدیل ہوجائے گی ۔ انہوں نے اس سمجھوتہ پر کانگریس قائدین کی تنقیدوں کی مذمت کی اور ان کے احتجاج کو گمراہ کن قرار دیا ۔