نعیم انکاونٹر : ایک سال مکمل پیشرفت ؟

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گینگسٹر نعیم انکاونٹر واقعہ کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے ۔ اس کی ایکشن ٹیم کا ابھی تک سراغ نہیں لگا ہے ؟ ڈائریاں کہاں ہیں ؟ سونا اور دولت کے معاملے میں ہنوز تجسس برقرار ہے۔ چند پولیس ملازمین کو معطل کرتے ہوئے معاملہ کو ٹھنڈا تو نہیں کردیا گیا ؟ سیاسی قائدین کہیں ’ سیف زون ‘ میں تو نہیں پہونچ گئے ۔ یہ ایسے سوالات ہیں جو ہر شہری کے ذہن میں ابھر رہے ہیں ۔ آج سے ایک سال قبل 8 اگست کو ایک انکاونٹر میں پولیس نے گینگسر نعیم کو ہلاک کردیا تھا ۔ حکومت اور محکمہ پولیس نے اس انکاونٹر کو بہت بڑا کارنامہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے بدی پر نیکی کامیاب ہونے کا تاثر دیا تھا ۔ اس وقت نعیم کے قبضے سے بھاری اسلحہ بارود ، نشیلی اشیاء ، سونا چاندی ، دولت کے ساتھ ڈائریاں برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔ ڈائری میں گینگسٹر نعیم کے سیاسی اور اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ جرائم کی دنیا سے تعلقات کے کئی راز فاش ہونے کا بھی اشارہ دیا گیا تھا ۔ حکومت نے نعیم واقعہ کی تحقیقات کے لیے اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) تشکیل دی تھی جس نے چند دن چستی پھرتی کا مظاہرہ کیا ۔ اس کے بعد منظر عام سے غائب ہوگئی اور سب سے بڑی حیرت اور تعجب کرنے والی بات یہ ہے کہ گینگسٹر نعیم کے بقید حیات رہنے تک اس کے ایک اشارے پر سب کچھ کرنے کے لیے تیار رہنے والی ’ ایکشن ٹیم ‘ کہاں ہے ؟ اس کے ارکان کی تعداد کتنی ہے ۔ کہاں روپوش ہوگئی ہے ؟ اس کے بارے میں محکمہ پولیس کی جانب سے ابھی تک کچھ بتایا نہیں گیا ہے اور ایک سال مکمل ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گینگسٹر نعیم انکاونٹر واقعہ میں پولیس نے ریاست بھر میں 174 مقدمات درج کیے ہیں اور 120 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ گینگسٹر نعیم سے تعلق رکھنے والے چند پولیس ملازمین کو معطل کیا گیا ہے ۔ مگر سیاسی قائدین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ نعیم کے قبضہ سے برآمد ہونے والی ڈائریاں کہاں ہیں اور ان ڈائریوں میں کونسے راز پوشیدہ ہیں ؟ گرفتار ہونے والے نعیم کے حامیوں میں کون ، کون ہیں اس کی تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے ۔ ان تمام سوالات پر راز کے پردے پڑے ہوئے ہیں ۔ یہ ایک حقیقت ہے ۔ ڈان نعیم کے پاس ایک ایکشن ٹیم تھی جو اس کے اشارے پر ہر کام کرنے تیار رہا کرتی تھی ۔ جنہوں نے سابق نکسلائٹس پی گوردھن ریڈی ، شیشنا کے علاوہ کئی لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا تھا ۔ وہ سب کہاں ہیں ؟ ڈان نعیم انکاونٹر کے ایک سال بعد پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام کیوں ہے ؟ وہ لوگ روپوش ہوگئے ہیں یا کہیں محفوظ زون میں تو پناہ نہیں لیے ہوئے ہیں ۔ گینگسٹر نعیم انکاونٹر کے بعد کئی متاثرین نے ان کے ساتھ ہوئی ظلم و زیادتی کی پولیس کو شکایت کی ہے ۔ قتل ، اراضیات پر قبضے ، اغواء ، ڈرانے دھمکانے کے معاملے میں 174 مقدمات درج ہوئے ہیں ۔ پولیس نے 120 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے ۔ جن میں کئی افراد کو ضمانت بھی مل گئی ہے ۔ 2 اگست کو گینگسٹر نعیم کی شریک حیات اور بہن کو بھی ضمانت مل گئی ہے ۔ ایک سال کی تکمیل کے باوجود اس واقعہ میں پولیس نے ابھی تک عدالت میں چارج شیٹ داخل نہیں کی ہے ۔ گینگسٹر نعیم سے تعلقات اور معاملت کرنے کے الزام میں 5 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے اور 20 پولیس ملازمین کے خلاف تحقیقات جاری ہے ۔ کئی سیاسی قائدین سے بھی ایس آئی ٹی نے پوچھ تاچھ کی ہے ۔ مگر کسی کے خلاف بھی ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے ۔۔