مبصر: اطیب اعجاز
سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ثنا خوانی اور آپ کی خدمت اقدس میں نعتیہ اشعار پیش کرنا خوش نصیبی کی بات ہے۔ سچی محبت اور عقیدت کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ آقائے دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ثنا خوانی کی جائے، کیونکہ اللہ تبارک و تعالیٰ خود حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام بھیجتا ہے۔
یوں تو شہر حیدرآباد میں آئے دن شعری مجموعے منظر عام پر آتے رہتے ہیں، لیکن ان میں نعتیہ مجموعے کم کم ہی نظر آتے ہیں۔ حیدرآباد کے ممتاز نعت گو شاعر جناب اسلم فرشوری کے نعتیہ مجموعہ ’’رحمۃ للعالمینﷺ‘‘ کی اشاعت ایک خوش آئند بات ہے۔ عام فہم زبان میں عقیدت سے بھرپور نعتیہ اشعار اس مجموعہ میں شامل ہیں، اس کے علاوہ قطعات بھی عقیدت و محبت کا نمونہ بنے ہوئے ہیں۔
جناب اسلم فرشوری کی شخصیت اتنی ہردلعزیز ہے کہ ان کو نعتیہ مشاعروں میں ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا ہے اور ان کے نعتیہ اشعار پر دل کھول کر داد دی جاتی ہے۔ پڑھنے کا انداز بھی خوب ہے، پوری عقیدت کے ساتھ اپنے جذبۂ محبت کا اظہار کرتے ہیں اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی عقیدت میں ڈوب کر اشعار پڑھتے ہیں۔ میں نے محسوس کیا کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نامی اسم گرامی جناب اسلم فرشوری نہایت ادب و احترام سے لیتے ہیں اور نام سنتے ہی درود شریف پڑھنے لگتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ مدینہ منورہ سے انھیں بار بار بلاوا آتا ہے اور وہ بڑی ہی وارفتگی کے ساتھ مدینہ طیبہ کے سفر پر نکل پڑتے ہیں۔
مختصراً یہ کہ جناب اسلم فرشوری نے اپنے نعتیہ کلام سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ بعد از خدا کوئی ذات ہے تو وہ صرف اور صرف حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ عالی ہے۔ مجموعہ ’’رحمۃ للعالمینﷺ‘‘ میں شامل حمد باریٔ تعالیٰ کا مطالعہ کریں تو اس میں بھی حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت جھلکتی ہے۔ یعنی ان کے نعتیہ مجموعہ میں عقیدہ کی پختگی جگہ جگہ جگمگا رہی ہے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت کے چراغ جگہ جگہ روشن نظر آرہے ہیں۔ آخر میں جناب اسلم فرشوری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انھوں نے نعتیہ مجموعہ شائع کرواکر اپنی دیرینہ آرزو پوری کرلی۔ مجھے امید ہے کہ اس مجموعہ کو عاشقانِ رسولﷺ پسند کریں گے اور اسلم فرشوری کو دعاؤں سے نوازیں گے۔ اس مجموعہ کی اشاعت ’’انجمن قلمکارانِ دکن، حیدرآباد‘‘ کے زیر اہتمام ہوئی ہے۔ کتاب کے حصول کے لئے سیل نمبر 9949890428 پر ربط پیدا کریں۔