نظر انداز کردہ بیرونی تعلقات کا احیاء

نئی دہلی 4 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کے مسلسل بیرونی دوروں پر تنقیدوں کا شکار حکومت نے آج کہا کہ ان دوروں کے نتیجہ میں ہندوستان کو درکار محفوظ اور مستحکم ماحول کی تیاری کیلئے مساعی میں پیشرفت ہوئی ہے اور ان دوروں کے نتیجہ میں نظر انداز کردئے گئے بیرونی تعلقات کا احیاء بھی عمل میں آیا ہے ۔ وزیر اعظم کے حالیہ دوروں کے سلسلہ میں راجیہ سبھا میں از خود بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ سشما سواراج نے کہا کہ نریندر مودی نے تقریبا 45 بین الاقوامی قائدین سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں تقریبا تمام بر اعظموں سے تعلق رکھنے والے قائدین شامل ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دنیا بھر میں ہندوستان کے رول اور اس کے مقام کو واضح کیا ہے ۔ ہندوستان نے ان دوروں کے نتیجہ میں دنیا بھر میں قائدانہ رول قبول کرنے اپنی منظوری کا اظہار کیا ہے ۔ اسی رول کی دنیا کی بڑی جمہوریت سے توقع کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیرونی دوروں کے نتیجہ میں عالمی توقعات کی تکمیل کی سمت ہندوستان کی پیشرفت محسوس کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان دوروں کے نتیجہ میں طویل وقت سے جن تعلقات کو نظر انداز کردیا گیا تھا ان کا احیاء عمل میں آیا ہے ۔