حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : گورنمنٹ وہپ مسٹر جئے پرکاش ریڈی نے حضور نظام کے دور کو ظالمانہ دور قرار دیتے ہوئے مجلس کے رکن مسٹر اکبر اویسی کی جانب سے نظام کے دور پر فخر کرنے کی مذمت کی ۔ اسمبلی سنگاریڈی کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی و گورنمنٹ وہپ مسٹر جئے پرکاش ریڈی نے حضور نظام کے دور پر تنقید کی کہ منظم سازش کے تحت رضاکاروں کی مدد سے ہندوؤں کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ ایسے حکمران کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے بعد حیدرآباد میں تمام مذاہب کے ماننے والوں سے انصاف ہوا ہے اور سب خوشحال زندگی گذار رہے ہیں ۔ امن و امان برقرار ہے ۔
تاہم تلنگانہ مسودہ بل کے مباحث کے دوران مجلس کے رکن اسمبلی مسٹر اکبر الدین اویسی نے نظام کی جو تعریف کی ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ اور حضور نظام کے دور پر فخر کرنے پر انہیں سخت اعتراض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ سیاست کو مجلس کی جانب سے فروغ دیا جارہا ہے ۔ مسٹر جئے پرکاش ریڈی نے کہا کہ اگر 2014 کے عام انتخابات میں سنگاریڈی کے عوام انہیں کامیاب بناتے ہیں تو حلقہ سنگاریڈی کو وہ ماڈل حلقہ اسمبلی میں تبدیل کردیں گے اور میٹرو ٹرین کو سنگاریڈی تک توسیع دینے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں گے ۔