نظام شوگر فیکٹری کے جنرل منیجر کی خودکشی

حیدرآباد 5 اگسٹ (این ایس ایس) نظام شوگر فیکٹری (این ایس ایف) کے بشیر باغ میں واقع ہیڈ آفس کے جنرل منیجر ایم جی آر شرما نے دوشنبہ کی شب پھانسی کے ذریعہ خودکشی کرلی۔ ان کی عمر 59 سال تھی۔ این ایس ایف کے جنرل منیجر کے دوشنبہ کی شب گھر واپس نہ ہونے پر ان کے ارکان خاندان نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس فی الفور حرکت میں آگئی۔ دوران تلاش جنرل منیجر کی نعش ان کے دفتر میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ پولیس نے کہا ہے کہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم عثمانیہ دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کے اس انتہائی اقدام کیلئے مجبور ہونے کی وجہ کا ہنوز علم نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق سیف آباد پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پی اشوک نے کہاکہ چند مقامی افراد نے اِس واقعہ کے بارے میں شکایت کی تھی، بعدازاں پولیس دروازہ توڑ کر دفتر میں داخل ہوئی اور نعش کو برقی پنکھے سے لٹکتا پایا۔ آفس میں اُن کے رفقاء نے پولیس سے کہاکہ کام کے دباؤ کے سبب غالباً اُنھوں نے یہ انتہائی قدم اُٹھایا ہے۔ پولیس نے کہاکہ شرما تین سال قبل ریٹائرڈ ہوگئے تھے لیکن اُن سے اِس عہدہ پر برقرار رہنے کے لئے کہا گیا تھا۔