نظام دکن میر عثمان علی خاں کے کارناموں کو تلنگانہ کے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا تیقن

حیدرآباد ۔ 10 ستمبر ( سیاست نیوز ) نظام دکن آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خان کے کارناموں کو تلنگانہ کے تعلیمی نصاب میںشامل کرتے ہوئے تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے کا ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے تلنگانہ کی عوام سے وعدہ کیا۔ آج یہاں مسجد جودی کنگ کوٹھی میں آصف جاہ صابع نواب میرعثمان علی خان کی 48ویں برسی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کی مرہون منت ہے جنھوں نے ریاست حیدرآباد پر حکمرانی کے دوران اپنے سکیولر کردار کو کبھی نقصان پہنچنے نہیں دیا ۔ جناب محمدمحمود علی نے کہا کہ نظام ششم اور ہشتم نے ریاست حیدرآباد کی بے مثال ترقی کے لئے سرکاری خزانوں کو وقف کردیا تھا اور کہاکہ ریاست حیدرآباد کو پانی کے وسائل کا مرکز بنانے میں نظام ششم نے جو کارنامے انجام دئے ہیںانہیں رہتی دنیا تک تلنگانہ کی عوام یاد رکھے گی۔ جناب محمد محمود علی نے آصف جاہ سابع نواب میرعثمان علی خان کو اس موقع پر خراج پیش کرتے ہوئے کہاکہ آصف جاہ سابع ایک سکیولر حکمران تھے جس کے لئے ریاست کے ہندو اور مسلمان ان کی دو آنکھیں تھی ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ علی گڑہ یونیورسٹی کے ساتھ آصف جاہ سابع نے بنارس ہندویونیورسٹی کے لئے بھی گرانٹ مقرر کرتے ہوئے اپنے سکیولرہونے کا ثبوت دیا تھا۔ انہوں نے آصف جاہ سابع کو رعایہ پرور حکمران قراردیتے ہوئے کہاکہ سرکاری خزانے کے ذریعہ اپنی رعایہ کو مفت طبی اور تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کا کارنامہ بھی آصف جاہی سابع نے انجام دیا جس سے ریاست حیدرآباد کی عوام بلاتفریق مذہب ذات پات آج بھی استفادہ کررہی ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے سلطنت آصفیہ کے زوال پذیر ہونے کے بعد بھی انہوں نے اپنی رعایہ کے لئے فلاحی خدمات کو جار ی رکھا۔ انہوں نے اس کی مثال پیش کرتے ہوئے نمس ہاسپٹل کا ذکر کیا جس کو ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میںشامل ہونے کے بعد آصف جاہ سابع نے اپنے ذاتی خرچ سے تعمیر کیا۔جناب محمد محمود علی نے کہاکہ آصف جاہ سابع نے اپنی ذاتی جائیداد سے دیڑہ سو ایکڑ پر نظام ہاسپٹل تعمیر کروایا تاکہ ہڈیوں کے مختلف امراض میںمبتلا غریب عوام کو مفت طبی سہولت فراہم کی جاسکے۔ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی پچھلے بارہ سال سے تلنگانہ میںآصف جاہی دور کی گنگاجمنی تہذیب کے احیاء کی کوششیںکررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گنگاجمنی تہذیب کا فروغ اور استحکام ہی آصف جاہی حکمرانوں کو حقیقی معنی

ٰ میںخراج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے اس ہرسال کی طرح اس سال بھی نظام دکن آصف جاہ سابع کی برسی کے موقع پر ریاست حیدرآباد کے عظیم سیکولر حکمران کی مزار پر چادرگل پیش کی گئی جس کا مقصد تلنگانہ کی عوام کو آصف جاہ دور حکومت کے کارناموں کی یاد دلانا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے مزار ِ آصف جاہ سابع پر گلہائے عقید ت پیش کرتے ہوئے نظام دکن آصف جاہ سابع کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مزار یوسف علی پر بھی حاضری دے کر چادر گل پیش کر کے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر قابل ذکر مفتی عظیم الدین ، مفتی صادق محی الدین ، قاری و حافظ محمد عثمان ، نواب حیدر بن یوسف صدر خانہ زادان اسوسی ایشن ، مولانا سید ابوطالب ، خانوادہ شاہی میں حضور نظام کے صاحبزادے نواب فضل جاہ بہادر ، نجب علی خاں ، صاحبزادہ غوث الدین علی خاں ، صاحبزادہ سجاد علی خاں ، سلطان محی الدین ، رحیم اللہ خاں نیازی ، سید عبدالمجید ، سید عبدالسلیم ، عزیز الحسن و عبدالوہاب ، میر طاہر علی خاں ، سید عابد ، آغا اظہر علی خاں ، میر عنایت علی خاں عابدی ، عزیز علی ، علی الدین عارف ، مرزا اسد علی بیگ ، میر صابر علی شامل ہیں ۔