نظامیہ طبی دواخانہ سے متصل آوٹ پیشنٹ بلاک کی تعمیر نظر انداز

سال 2016 میں سنگ بنیاد ، اندرون سال تعمیر کا وعدہ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا وعدہ وفا نہ ہوسکا
حیدرآباد۔5ستمبر(سیاست نیوز) گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج یونانی کی عمارت کی تزئین اور مرمت کے علاوہ یونانی ہاسپٹل میں آؤٹ پیشنٹ بلاک میں سہولتوں کی فراہمی و پیتھالیوجیکل لیاب کو عصری بنانے کے لئے سال 2016 میں 30مئی کو سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تعمیری کاموں کو اندرون ایک سال مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پرانے شہرمیں دیگر ترقیاتی کاموں کی طرح اس کام کی بھی اب تک شروعات نہیں کی گئی جبکہ ان کاموں کا سنگ بنیاد ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے مقامی رکن پارلیمنٹ کی موجودگی میں رکھا تھا اور اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اندرون ایک برس ان کاموں کی تکمیل انجام دی جائے گی ۔ شفاء خانہ یونانی کی عمارت کی خستہ حالی سے سب ہی واقف ہیں لیکن اس عمارت سے متصل آؤٹ پیشنٹ بلاک کی تعمیر کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے بعد کئی ماہ تک سنگ بنیاد تقریب کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر ملتوی کرنے کے بعد سال 2016 میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی اور اس تقریب کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا کہ 80لاکھ کی لاگت سے مرمتی کاموں کی اندرون ایک برس تکمیل عمل میں لائی جائے گی لیکن ذرائع کے مطابق چارمینار دواخانہ میں اس عمارت کیلئے رکھے گئے سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد سے اب تک کوئی سرگرمیاں انجام نہیں دی گئیں بلکہ محکمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی جانب سے ان ترقیاتی کاموں کے لئے 2 مرتبہ ٹنڈر طلب کئے گئے لیکن کسی نے بھی اس ٹنڈر میں حصہ نہیں لیا جس کے سبب یہ کام جوں کے توں ٹھپ ہیں۔پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں کی عدم شروعات کی بدترین مثالوں میں چارمینار دواخانہ میں منعقد ہونے والی یہ تقریب سنگ بنیاد بھی ایک بدترین مثال ہے کیونکہ اس عمارت کی تزئین و مرمت کے علاوہ بوائز ہاسٹل کی تعمیر کے سلسلہ میں بجٹ منظور کیا جا چکا ہے اور ملک کی دیگر ریاستوں میں انتخابات میں سیاسی قائدین کی مصروفیات کے سبب اس سنگ بنیاد تقریب کو متعدد مرتبہ ملتوی کرنے کے بعد منعقد کیا گیا تھا لیکن ان کاموں کے متعلق اب تک بھی حکومت یا عوام کے کسی نمائندہ نے جائزہ تک نہیں لیا جس کے سبب اب تک کام جوں کے توں ٹھپ ہیں۔ دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کا کہناہے کہ عملہ اور مریضوں کو درپیش مشکلات سے کئی مرتبہ متعلقہ عہدیداروں کو واقف کروایا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کام شروع نہ کئے جانے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سنگ بنیاد کی تقریب کا مقصد صرف تشہیر تھا اور تشہیر کے بعد ان ترقیاتی کاموں کو فراموش کردیا گیا۔ پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کئے جانے کی محکمہ جات کی جانب سے مختلف وجوہات بیان کی جاتی ہیں لیکن نظامیہ طبی کالج و شفاء خانہ میں ترقیاتی کاموں کے عمل کو مفقود رکھنے کے عمل کو محکمہ کی جانب سے یہ کہا جا رہاہے کہ ان کاموں کے لئے ٹنڈر طلب کئے جانے کے باوجود کوئی کام کرنے تیار نہیں ہے تو یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ تعمیری و ترقیاتی کاموں کے لئے کئی کمپنیاں ٹنڈر کی منتظر ہوتی ہیں۔