مالے۔15مارچ ( سیاست ڈاٹ کام)صدر مالدیپ یامن عبدالقیوم نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ عدالتی فیصلہ کا احترام کیا جائے ‘ جس میں سابق صدر محمد نشید کو 13سال کی سزائے قید انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت سنائی گئی ہے ۔ مقدمہ میں کوتاہیاں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے فیصلہ پر سخت تنقید جاری ہے ۔ صدر مالدیپ نے کہا کہ ہر شخص کو سابق صدر نشید کے خلاف فوجداری عدالت کے فیصلہ کا احترام کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر نشید کو دستور اپیل کا حق دیتا ہے ‘ اگر وہ ایسا کرنا چاہیں تو مالدیپ کے قوانین کے مطابق کرسکتے ہیں ۔ صدر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کے بموجب حکومت نے بین الاقوامی شراکت داروں سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلہ میں تعمیری مداخلت کریں جو باہمی احترام اور مذاکرات کے استحکام ‘ جمہوری اقدار کے استحکام اور ملک کے دستور کے احترام پر مبنی ہو ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی پابند ہے کہ علحدگی پسند طاقتیں مالدیپ کے دستور کے تحت ملک میں حکمرانی کو سرفراز کریں گی ۔