نشید کو گھسیٹ کر عدالت لایا گیا ہندوستان کا اظہار تشویش

مالے ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر مالدیپ محمد نشید کو کل گرفتار کرنے کے بعد آج سکیورٹی فورسیس نے عملاً گھسیٹ کر کریمنل کورٹ میں پیش کیا۔ کورٹ نے آج یہ رولنگ دی کہ اپوزیشن لیڈر اس مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے تک تحویل میں رہیں گے ۔ 47 سالہ محمد نشید کو کل انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا تھا ، انھوں نے 2012 ء میں مبینہ طورپر سینئر جج کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس کے بعد ملک میں تشدد پھوٹ پڑا۔ آج ڈرامائی صورتحال دیکھی گئی جہاں پولیس اپنے محاصرہ میں محمد نشید کو عدالت لارہی تھی، میڈیا کا سامنا کرتے ہی انھیں اچانک روک دیا گیا اور وہ زمین پر گر پڑے اور اُن کا شرٹ اُس وقت پھٹ گیا جب اسپیشل آپریشن آفیسرس انھیں زبردستی گھسیٹ کر عدالت میں لانے کی کوشش کررہے تھے ۔ محمد نشید مسلسل یہ کہہ رہے تھے کہ وہ خود آنا چاہیں گے لیکن اس کے باوجود انھیں گھسیٹا جارہا تھا۔ اس دوران ہندوستان نے مالدیپ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ ہندوستان کو مالدیپ کے حالیہ واقعات بشمول سابق صدر نشید کی گرفتاری اور اُن سے بدسلوکی پر تشویش ہے ۔