سارے ہندوستان میں ایک دن شراب پر امتناع ہوگا : توگاڑیہ
پٹنہ۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وی ایچ پی انٹرنیشنل کارگزار صدر پراوین توگاڑیہ نے بہار میں مکمل نشہ بندی کے نفاذ پر چیف منسٹر نتیش کمارکی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سارے ملک میں شراب کے استعمال پر امتناع عائد کردینے چاہیئے ۔ توگاڑیہ نے کہا کہ وہ بہار میں مکمل نشہ بندی کے نفاذ کیلئے چیف منسٹر نتیش کمار کی قدر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نشہ بندی کا نفاذ سے غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی غریب خاندان کروڑہا روپئے کی بچت کرسکیں گے جب کہ یہ رقم شراب پر خرچ کی جاتی تھی ۔ پراون توگاڑیہ نے دیگر ریاستوں سے بھی نشہ بندی کے نفاذ کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ وشوا ہندو پریشد نے ’’ انڈیا ہیلت لائن ‘‘ کے حصہ کے طور پر شراب نوشی ترک کرنے کیلئے ملک گیر مہم شروع کی ہے ۔ اس ہیلپ لائن کے ڈاکٹرس کی ٹیم کو حوصلہ افزاء ردعمل مل رہا ہے ۔ توگاڑیہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کسی نہ کسی دن سارا ہندوستان شراب سے پاک ہوجائے گا ۔ واضح رہے کہ نتیش کمار حکومت نے جاریہ سال اپریل میں بہار میں نشہ بندی کے نفاذ کا فیصلہ کیا تھا ۔