ٹی آر ایس کو شکست دینا ہے تو چند نشستوں کی قربانی ضروری : صدر تلنگانہ جنا سمیتی
حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے تشکیل دیئے جانے والے عظیم اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر ناراض پروفیسر کودنڈا رام نے کانگریس کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے۔ مہلت ختم ہونے سے قبل نشستوں کی تقسیم نہ ہونے پر دوسرا راستہ اختیار کرنے کا انتباہ دیا۔ تلگودیشم اور سی پی آئی کے قائدین نے جلد بازی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے ضرورت پڑنے پر چند نشستوں کو بھی قربان کرنے کے لئے تیار رہنے کی پروفیسر کودنڈا رام سے اپیل کی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے جس کے تمام 119 اسمبلی حلقوں میں قائدین ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ اس طرح تلگودیشم پارٹی بھی 50 اسمبلی حلقوں پر اپنا کچھ نہ کچھ اثر و رسوخ رکھتی ہے۔ سی پی آئی اضلاع نلگنڈہ اور کھمم میں اپنا وجود رکھتی ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام کی جانب سے نئی تشکیل دی گئی تلنگانہ جنا سمیتی کو ابھی تک ایک بھی انتخابات میں حصہ لینے کا تجربہ نہیں ہے۔ کانگریس کے قائدین 100 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔ تلگودیشم پارٹی نے کانگریس کو 40 حلقوں کی فہرست دی ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی 35 حلقے چاہتی ہے۔ سی پی آئی نے 12 حلقوں پر اپنا دعویٰ پیش کیا ہے اور 9 حلقوں سے بھی اتفاق کرنے کا پیشکش کیا ہے جبکہ کانگریس پارٹی تلگودیشم کو 12 تا 15 ، سی پی آئی کو 4 اور تلنگانہ جنا سمیتی کو 3 حلقے چھوڑنے کے حق میں ہے۔ ان جماعتوں کے دوران نشستوں کی تقسیم پر ابھی تک اتفاق رائے پیدا نہیں ہوا ہے جس پر کودنڈا رام ناراض ہیں اور انھیں زیادہ اور من پسند نشستیں نہ دینے پر علیحدہ راستہ اختیار کرنے کا کانگریس کو انتباہ دیا۔