نئی دہلی۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)مسٹر نسیم زیدی نے ملک کے 20 ویںچیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے آج اپنے نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر قیمت پر آزاد و غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد ہے۔ مسٹر زیدی کی میعاد جولائی 2017ء تک رہے گی۔ بعدازاں وہ 65 سال کی عمر پر پہونچنے پر وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش ہوجائیں گے۔ مسٹر زیدی نے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے فوری بعد کہا کہ ’’کسی بھی نقص و خامی کے بغیر بہرقیمت آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کی شمولیت اور رائے دہندوں کے ارتکاز پر مبنی پروگرام جیسے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کا آسان اندراج ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہیں گے‘‘۔ مسٹر زیدی نے کہا کہ وہ اپنے پیشروؤں کی وراثت پر عمل پیرا رہتے ہوئے انتخابی عمل کے نگران اس ادارہ کو مزید فعال و شفاف بنانے کی کوشش کریں گے۔ حکومت نے سینئر ترین الیکشن کمشنر کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کی روایت کے مطابق اس عہدہ پر مسٹر نسیم زیدی کا تقرر کیا ہے۔ مسٹر زیدی نے سبکدوش سی ای سی ہری شنکر برہما سے اس عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔ یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ الیکشن کمشنرس کے تین رکنی پیانل میں مسٹر زیدی ہی برقرار تھے جبکہ ان کے دیگر دو ساتھی ریٹائر ہوگئے ہیں۔