نیویارک 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شخصی دوستی کو شاندار علامت کے طور پر صدر امریکہ بارک اوباما نے ٹائم میگزین میں وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے ایک مضمون لکھا ہے۔ اس میگزین نے نریندر مودی کو دنیا کی 100 بااثر شخصیتوں میں شمار کیا ہے۔ اس مضمون کا عنوان ’’ہندوستان کے اصلاح پسند سربراہ انچیف‘‘ ہے۔ جس میں اوباما نے نریندر مودی کی زندگی کی کہانی کو دوہرایا ہے اور لکھا کہ غریبی سے وزارت عظمیٰ تک ان کا سفر شاندار رہا ہے۔ ان کا یہ سفر ہندوستان کی ترقی، جوش و جذبہ اور افادیت کا مظہر ہے۔ اوباما نے لکھا ہے کہ آج وہ دنیا کی سب سے بڑی مہوریت کے لیڈر ہیں اور ان کی زندگی کی کہانی غربت سے وزارت عظمیٰ تک کے سفر پر مبنی ہے۔ اُنھوں نے اپنے ہندوستانی شہریوں کو بھی اس اس راہ پر گامزن کرنے میں مدد کرنے کا جذبہ پیدا کیا ہے۔ ان کا عزم ملک سے غربت کا خاتمہ ہے۔ تعلیم کو بہترین بنانا اور خواتین و لڑکیوں کو بااختیار بنانا ہے۔ ہندوستان کی ترقی کے سات تعلیمی شعبہ کو فروغ دینے حقیقی معاشی، ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اُنھوں نے کئی کام انجام دینے شروع کئے ہیں۔ اوباما نے مودی کے گزشتہ سال دورہ امریکہ کا بھی حوالہ دیا ہے۔ اُنھوں نے ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیر کی یادگار کا بھی دورہ کیا تھا جو امریکہ کے شہری حقوق کے کارکن تھے۔صدر امریکہ اوباما نے مودی کی مدح سرائی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو ترقی کی راہ پر لے جانے کیلئے مودی جیسے لیڈر کا ابھرنا اہم بات ہے۔