حیدرآباد۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ایک ’بڑے لفاظ‘ ہیں اور وہ سامعین کو تمام درست پیامات دیتے ہیں، لیکن اپنے وعدوں کی تکمیل صفر ہے۔ کجریوال نے کہا کہ ان کی لفاظی نے ملک میں کچھ اثباتی تبدیلی لائی ہے، گزشتہ پانچ ماہ میں یہ ملک صرف بڑی بلند بانگ تقاریر ہی سنتا آرہا ہے۔ صرف وقت ہی بتائے گا کہ آیا عوام کے خوابوں کو پورا کیا جائے گا یا نہیں؟ سابق چیف منسٹر دہلی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نریندر مودی بہت بڑے لفاظ ہیں اور وہ جو کچھ کہہ رہے ہیں، درست ہے، مگر عملی مظاہرہ نہیں کے برابر ہے۔ لہٰذا دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے؟ عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے جنھوں نے وارانسی میں لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کو ناکام چیلنج کیا تھا، این ڈی اے حکومت پر شدید تنقید کی کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ ملک کے عوام ہنوز تبدیلی کے منتظر ہیں، تاہم میں توقع کرتا ہوں کہ عوام کی اُمیدیں نہیں ٹوٹیں گی۔ این ڈی اے نے عوام کے اندر اُمیدیں اور توقعات کو پیدا کیا ہے، لیکن عملی کاموں میں انھوں نے اب تک بہت ہی کمزور مظاہرہ کیا ہے۔ اس طرح عوام کیجھوٹی اُمیدیں تو ٹوٹیں گی، یہ اُمیدیں ہنوز وابستہ ہیں۔ عوام اب بھی یہی محسوس کررہے ہیں کہ ایک دن ان کی زندگی میں تبدیلی آئے گی اور اچھے دن آئیں گے، لیکن اب ہر کوئی یہی کہہ رہا ہے کہ اب تک کچھ نہیں ہوا ہے تو آگے بھی کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ اروند کجریوال نے گزشتہ سال دسمبر میں اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے
دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنائی تھی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا مودی کی تقاریر نے ملک میں کچھ مثبت تبدیلی لائی ہے؟ اس پر انھوں نے کہا کہ یہی کچھ ہوا ہے، مگر نتائج سامنے نہیں آرہے ہیں۔ اروند کجریوال کو 2011ء میں جن لوک پال بِل کی تائید میں انا ہزارے کی مہم اور احتجاج سے مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہا کہ سابق حکومت نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا تھا۔ وہ تمام منفی کاموں میں ملوث تھی، وہ رشوت ستانی میں ملوث رہی، ملک میں قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا، کرپشن اور بڑھی ہوئی قیمتیں ہنوز برقرار ہے، پرانی حکومت چلی گئی اور اس نئی تبدیلی نے نئی توقعات پیدا کی ہیں۔ وقت ہی بتائے گا کہ آیا عوام کی آرزوئیں پوری ہوں گی یا نہیں؟ یہ پوچھے جانے پر کہ نریندر مودی ایک مضبوط وزیراعظم بن کر اُبھریں گے؟ اروند کجریوال نے کہا کہ مودی بہت اچھی تقریر کرتے ہیں اور ان کے پیامات درست نوعیت اور صحیح سمت میں ہوتے ہیں، مگر کارکردگی کا جہاں تک تعلق ہے، یہ افسوسناک حد تک صفر ہے۔