واشنگٹن ۔ 29 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ براک اوباما کی کل ملاقات مقرر ہے ۔ دونوں قائدین توقع ہے کہ باہمی دلچسپی کے وسیع تر موضوعات بشمول معاشی ترقی اور سکیورٹی تعاون میں اضافہ پر تبادلۂ خیال کریں گے ۔ وائیٹ ہاؤس کے مطابق علاقائی موضوعات بشمول افغانستان ، شام اور عراق کی موجودہ صورتحال پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی جہاں ہندوستان اور امریکہ ملکر کام کرسکتے ہیں تاکہ مثبت نتائج برآمد ہوسکیں۔مودی کے ہمراہ وزیراُمور خارجہ سشما سوراج ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول اور ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ایس جئے شنکر کے علاوہ دیگر ہوں گے ۔ کل وائیٹ ہاؤس جانے سے پہلے مودی لنکن میموریل ، مارٹن لوتھر کنگ جونیر میموریل اور ہندوستانی سفارت خانے کے روبرو مجسمہ گاندھی بھی جائیں گے ۔