میرٹھ ۔ /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صرافہ بازار کے تاجروں اور صنعت کاروں کی جانب سے چار دن قبل کئے گئے احتجاجی مظاہرہ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس ارون جیٹلی کے پوسٹرس پر سیاہی و انڈے پھینکنے کے واقعہ کے سلسلہ میں پولیس نے زائد از 150 افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم 145 افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ صرافہ بازار ٹریڈرس اسوسی ایشن کے چار ارکان پر مقدمہ دائر کیا گیا جن کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق /23 مارچ کو ہولی کے موقع پر شہر کے تاجرین اور صرافہ بازار سے بیوپاریوں نے وزیراعظم اور وزیر فینانس کے پوسٹرس کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان پوسٹرس پر سیاہی پھینک کر انڈے برسائے گئے ۔