فوری رہائی کا مطالبہ، انیل کمار یادو کی پریس کانفر نس
حیدرآباد ۔ 21۔ فروری (سیاست نیوز) یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف فیس بک پر پوسٹ کرنے کی پاداش میں کریم نگر سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس کے ریاستی قائد سجیت کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں پولیس نے ٹی آر ایس کارکنوں کی طرح کام کیا تھا اور اب بی جے پی کارکنوں کی طرح کام کر رہی ہے ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ پولیس اور بی جے پی قائدین کو یوتھ کانگریس لیڈر کی جانب سے کیا گیا پوسٹ تو دکھائی دے رہا ہے لیکن بی جے پی قائدین نے پوسٹ پر جو قابل اعتراض ریمارکس کئے ہیں، وہ کیوں دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس لیڈر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عدم رہائی کی صورت میں ڈائرکٹر جنرل پولیس سے نمائندگی کی جائے گی اور بی جے پی آفس کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر کے پولیس کمشنر کملاسن ریڈی غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے یوتھ کانگریس لیڈر کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں کافی دلچسپی دکھائی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ کانگریس اور یوتھ کانگریس کارکنوں کو ہراساں کرنا بدبختانہ ہے ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ پولیس سجیت کمار کے خلاف روڈی شیٹ کھولنے کی دھمکی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس لیڈر کو کمشنر پولیس نے بری طرح سے مارپیٹ کی ہے ۔ اس طرح کے واقعات پولیس کے لئے شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کارکنوں کی ہراسانی پر پارٹی قیادت سے مشورہ کے بعد احتجاجی لائحہ عمل طئے کیا جائے گا ۔