حیدرآباد 20 اپریل (سیاست نیوز) وزارت عظمیٰ کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار نریندر مودی 22 اپریل کو حیدرآباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے والے ہیں لیکن اس جلسہ کے لئے مقام کا تعین باقی ہے۔ بی جے پی یہ جلسہ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد یا جمخانہ گراؤنڈ یا لال بہادر اسٹیڈیم یا نظام کالج میدان پر منعقد کرنا چاہتی تھی لیکن فوج نے پریڈ گراؤنڈ یا جمخانہ گراؤنڈ پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ نظام کالج میدان پر کوئی جلسہ نہیں ہوسکتا کیونکہ وہاں الیکشن کمیشن کا ساز و سامان رکھا گیا ہے۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں کوئی جلسہ اس لئے نہیں ہوسکتا کہ وہاں تزئین نو کا کام جاری ہے۔ بی جے پی قائدین جلسہ کے انعقاد کے لئے متبادل مقام کی تلاش میں ہیں۔