نئی دہلی ۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کے ذریعہ پہلی مرتبہ عالمی سطح پر پیش ہوں گے ۔ وہ اس دورہ کے موقع پر کئی بین الاقوامی اور علاقائی اہمیت کے حامل موضوعات پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے ۔ باوثوق ذرائع سے یہ اطلاع ملی ہے کہ نریندر مودی کی وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کا بھی امکان ہے ۔ اس ضمن میں عہدیدار ملاقات کا اہتمام کروانے کیلئے پروگرام کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج اسرائیلی ہم منصب سے یکم اکتوبر کو ملاقات کرنے والی ہیں۔ توقع ہے کہ اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات کیلئے راہ ہموار کی جائے گی ۔ یہ ملاقات کئی پہلوؤں سے اہمیت کی حامل ہے۔ غزہ بحران کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان کی یہ پہلی ملاقات ہوگی ۔ اس بحران کے تعلق سے ہندوستان نے غیرجانبدارانہ موقف اختیار کیا تھا۔ اسرائیل ایک ایسا ملک ہے جس کا نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا جائزہ حاصل کرنے سے قبل دورہ کیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ بی جے پی ابتداء ہی سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتی آرہی تھی ۔