نریندر مودی کی صرف زہر افشانی، لہر نہیں

حیدرآباد /23 اپریل (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر نے کہا کہ نریندر مودی کی کوئی لہر نہیں ہے، صرف زہر ہے۔ حیدرآباد میں راہول گاندھی کے پروگرام کو کامیاب بنانے دیگر قائدین کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس اور راہول گاندھی کی سونامی میں نریندر مودی، بی جے پی، تلگودیشم کے بشمول این ڈی اے کی حلیف جماعتیں بہہ جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس سماج کے تمام طبقات کو جوڑے رکھنے والی جماعت ہے، جس نے کبھی اصولوں اور فرقہ پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا، جب کہ بی جے پی ایک فرقہ پرست جماعت ہے، جو سیاسی مفاد اور اقتدار کے لالچ میں ہندو۔ مسلم اتحاد کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ موقع پرست تلگودیشم نے ماضی میں بی جے پی سے اتحاد کو اپنی تاریخی غلطی قرار دیتے ہوئے مسلمانوں سے معذرت خواہی کی تھی، تاہم اقتدار کے لالچ میں اس نے بی جے پی سے پھر اتحاد کیا اور صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نریندر مودی کو ملک کا وزیر اعظم بنانے عوام سے اپیل کر رہے ہیں۔ نائیڈو اور مودی کا خواب چکنا چور ہو جائے گا، تلنگانہ کے علاوہ ملک میں کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کو عوام کامیاب بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے پہلے مرحلہ کے دورے کامیاب رہے، جس سے پارٹی کیڈر میں جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ 25 اپریل کو حیدرآباد میں راہول گاندھی کا طوفانی دورہ نہ صرف کامیاب رہے گا، بلکہ مودی، نائیڈو اور پون کلیان کا جلسہ پھیکا پڑ جائے گا۔ کانگریس کی جانب سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر کی ترقی اور امن و امان کی برقراری کے لئے کانگریس کا ساتھ دیں۔