نریندر مودی کی ستمبر میں اوباما سے ملاقات

نئی دہلی ۔ /4 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے صدر امریکہ بارک اوباما سے جاریہ سال ستمبر کے آخری ہفتہ میں واشنگٹن میں ملاقات کی توثیق کی ہے ۔ اوباما نے نریندر مودی کے وزیراعظم منتخب ہونے پر ان سے ربط قائم کرتے ہوئے مبارکباد دی تھی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکہ دورہ کے بھی دعوت دی تھی ۔ مودی کی اوباما سے ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نیویارک میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ہوگی ۔ تاہم دونوں قائدین واشنگٹن میں باہمی اور سرکاری ملاقات کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کی تاریخ کو قطعیت دی جارہی ہے ۔

صدارتی خطاب کو مرکزی کابینہ کی منظوری
نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے آج صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے خطاب کی منظوری دے دی جو وہ 9 جون کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں کریں گے۔ اِس خطاب میں نریندر مودی حکومت کے لائحہ عمل کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے کہاکہ 90 منٹ طویل کابینہ کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم مودی نے کی جس میں صدرجمہوریہ کے خطاب کو منظوری دی گئی۔ مختلف مرکزی وزارتیں صدرجمہوریہ کے خطاب کے لئے معلومات فراہم کرچکی ہیں۔ خطاب پر بعدازاں مباحث منعقد کئے جائیں گے۔ جن کا وزیراعظم جواب دیں گے۔ نئی لوک سبھا کا ایک ہفتہ طویل اجلاس 11 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اگر ایک یا دو دن کی توسیع ضروری ہو تو ایسا کیا جائے گا۔