وزیر فینانس اے پی وائی راما کرشنوڈو کا عوام کے نام کھلا مکتوب
حیدرآباد ۔4 نومبر ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس آندھراپردیش مسٹر وائی راما کرشنو ڈو نے پرزور الفاظ میںکہا کہ مسٹر نریندر مودی کی آمریت سے ملک کو بچانا بہت ضروری ہے ۔ کیونکہ مسٹر نریندر مودی کی آمرانہ پالیسیوں سے ملک سنگین مشکل حالات سے دوچار ہوچکا ہے ۔ دستوری ادارے مکمل تباہ و غیر کارکرد ہوتے جارہے ہیں ۔ ملک کا مالیاتی نظام خود بھی مکمل طور پر متاثر ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں زرعی شعبہ بحران سے دوچار ہے ۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے کھلا مکتوب عوام کے نام تحریر کر کے روانہ کرکے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی جانب سے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کردیئے جانے کے نتیجہ میں ملک بھر میں زائد از دو کروڑ افراد نہ صرف روزگار سے بلکہ ملازمتوں سے محروم ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت مکمل طور پر ہڑپ رہی ہے ۔ اس کے علاوہ قانون تقسیم ریاست آندھراپردیش میں شامل (18) موضوعات ( نکات) میں سے کسی ایک پر بھی عمل آوری نہیں کی ہے ۔ ریاست آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف کی فراہمی کو مرکزی حکومت نے صاف طور پر انکار کردیا ۔ بلکہ ساتھ ہی ساتھ ریاست آندھراپردیش میں پائے جانے والے پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے دی جانے والی 350 کروڑ روپیوں کو فراہم کر کے پھر دوبارہ واپس حاصل کرلی گئیں ۔ وزیر فینانس آندھراپردیش نے اپنے کھلے مکتوب میں وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت میں ملک کا بنیادی ڈھانچہ کمزور ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ملک کو بھی سنگین خطرہ لاحق دکھائی دے رہا ہے ۔ مسٹر وائی راما کرشنو ڈو نے کہا کہ تلگو عوام کے حقوق کا تحفظ ملک کا تحفظ کرنے ‘ عوامی جمہوریت کا تحفظ کرنے ‘ ملک کے سیکولر ڈھانچہ کا تحفظ کرنے کیلئے ہی قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کے خلاف کمربستہ ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ مقاصد پر مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی کوششوں پر ملک بھر سے حاصل ہونے والے غیر معمولی نوعیت کے مثبت ردعمل سے تلگو عوام کے وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ وزیر موصوف نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور جنا سینا پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور جنا سینا پارٹیاں مسٹر نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے ریاست آندھراپردیش کے ساتھ کئے جانے والے آمرانہ اقدامات کی سخت مخالفت کرنے کے بجائے مسٹر نریندر مودی کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے الٹا تلگودیشم پارٹی اور اس کے قائدین پر حملے کر کے نریندر مودی کی ’’ بین ‘‘ بجا رہے ہیں ۔