نریندر مودی کی آج بحیثیت وزیراعظم حلف برداری

نواز شریف ، راجہ پکسے ، حامد کرزئی اور دیگر سربراہانِ سارک کی شرکت
نئی دہلی ۔ /25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی جنہوں نے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو غیرمعمولی کامیابی دلائی ، کل راشٹرپتی بھون میں بحیثیت وزیراعظم حلف لیں گے ۔ اس تقریب کی خصوصیت یہ ہے کہ غیر ملکی اہم شخصیتیں بشمول سارک لیڈرس بھی شرکت کررہے ہیں۔ نریندر مودی کو تقریباً 3 ہزار مہمانوں کی موجودگی میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ملک کے پندرہویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف دلائیں گے ۔ اس کے علاوہ ان کی کابینہ بھی حلف لے گی ۔ سارک ممالک کے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور صدر سری لنکا مہندا راجہ پکسے اور دیگر بھی اس تقریب میں شرکت کررہے ہیں ۔ پیشرو وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ صدرکانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی اور مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس و سیاسی قائدین اس تقریب میں شریک ہوں گے ۔ نریندر مودی کی ماں ہرابا بھی توقع ہے کہ تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گی ۔

نواز شریف اور راجہ پکسے کے علاوہ صدر افغانستان حامد کرزئی ، وزیراعظم بھوٹان شرینگ توگبے ، وزیراعظم نیپال سشیل کوئرالا اور صدر مالدیپ عبداللہ یمین عبدالقیوم بھی شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ بنگلہ دیش کی نمائندگی اسپیکر شیرین چودھری کریں گی کیونکہ وزیراعظم شیخ حسینہ جاپان کے دورہ پر ہیں ۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہوگی جس میں کسی ہندوستانی وزیراعظم کی حلف برداری کے موقع پر سارک سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے ۔ اٹل بہاری واجپائی کی راہ پر چلتے ہوئے نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے سبزہ زار پر تقریب حلف برداری کے انعقاد کی خواہش کی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ شریک ہوسکیں ۔ پاکستان اور سری لنکا نے جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے ۔