نریندر مودی کو مختلف عالمی گوشوں سے مبارکباد

لندن ؍ بیجنگ ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کو لوک سبھا انتخابات میں اُن کی پارٹی کی فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ مل جل کر کام کرنے کے مشتاق ہیں۔ مودی کو شاندار جیت پر مبارکباد دینے والے اولین قائدین میں کیمرون بھی شامل ہیں، جنھوں نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنے ردعمل سے ہندوستان کو واقف کرایا۔ اسی طرح چین، پاکستان، بنگلہ دیش اور دیگر عالمی گوشوں سے بھی بی جے پی لیڈر کو مبارکبادی حاصل ہوئی ہے۔ بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ ترجمان نے کہا کہ چین نئی ہندوستانی حکومت کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنے تیار ہے تاکہ باہمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندی تک لے جایا جاسکے۔ اُدھر وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مودی کو انتخابی فتح کے ساتھ ہی دورۂ پاکستان کی دعوت بھی پیش کردی ہے۔

انھوں نے آج بی جے پی لیڈر کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں بی جے پی کی ’’متاثرکن‘‘ فتح پر وزارت عظمیٰ امیدوار کو مبارکباد دی۔ حکومت پاکستان کے سرکاری بیان کے مطابق اس گفتگو کے دوران پاکستانی لیڈر نے اپنے متوقع ہندوستانی ہم منصب کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی۔ دریں اثناء ڈھاکہ کی اطلاع کے بموجب بنگلہ دیش سے نہ صرف برسراقتدار بلکہ اپوزیشن کی بھی مودی کو مبارکباد حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعظم شیخ حسینہ نے مودی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انھیں اپنی پہلی بیرونی منزل کے طور پر بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ بی این پی سربراہ اور سابقہ وزیراعظم خالدہ ضیاء نے بھی مودی کو مبارکباد دی ہے۔ سری لنکا کے صدر مہندا راجہ پکسے نے بھی مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے سرکاری دورہ کی دعوت دی ہے۔