نریندر مودی کو بہار میں شکست کا اندازہ ہوچکا ہے

غریبوں کی تھالی خالی اور حکومت دال روٹی فراہم کرنے کے بھی موقف میں نہیں، ’’تھری ایڈیٹس‘‘ ریمارک پر راہول گاندھی کی تنقید
بینی پٹی/ کشن گنج ۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے عظیم تر اتحاد کے خلاف ’’تھری ایڈیٹس‘‘ ریمارکس پر شدید تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے آج کہا کہ مودی کو بہار انتخابات میں شکست کا اندازہ ہوچکا ہے، اسی وجہ سے وہ ایسے ریمارکس کررہے ہیں۔ بہار میں جہاں انتخابی مہم اب قطعی دو مراحل میں داخل ہوچکی ہے، جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس نے کہا کہ مودی جی کو بہار میں شکست نظرآرہی ہے۔ اسی وجہ سے وہ عظیم تر اتحاد کو کبھی ’’شیطان‘‘ اور کبھی ’’تھری ایڈیٹس‘‘ کہہ رہے ہیں۔ لیکن وہ ایک ملک کے وزیراعظم ہیں اور انہیں اس طرح کے الفاظ زیب نہیں دیتے۔ نریندر مودی نے گزشتہ منگل کو عظیم تر اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے تری ایڈیٹس سے تعبیر کیا تھا اور نتیش کمار کو بھی نشانہ بنایا جنہوں نے ایک دن قبل وزیراعظم کے خلاف ایک مشہور فلم کے نغمہ کی پیروڈی کی تھی۔ وزیراعظم نے جنتادل (یو) لیڈر کو مشورہ دیا تھا کہ وہ مشاعرے کے فن سے پہلے واقف ہوں اور اس میں مہارت پیدا کرنے کے لئے بہار انتخابات کے بعد خالی اوقات میں اس کی مشق کرتے رہیں۔

راہول گاندھی نے نریندر مودی کو ’’وزیراعظم صاحب‘‘ کہتے ہوئے غریب عوام کے لئے صرف بلند بانگ دعوے کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اب تک غریبوں کے لئے کوئی عملی کام نہیں کئے ہیں۔ راہول گاندھی جو اکثر مودی حکومت کو ’’سوٹ بوٹ کی سرکار‘‘ کہتے ہوئے تنقیدیں کیا کرتے ہیں، آج کہا کہ آپ کے صرف جملوں سے غریبی ختم نہیں ہوتی صاحب۔ غریبوں کی تھالی خالی ہے اور آپ دال روٹی کی قیمت کو بھی قابو میں کرنے کے اہل نہیں۔ اس کے برعکس صرف بلند بانگ دعوے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اس بار آپ کے وعدوں اور بلند بانگ دعوئوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ریموٹ کنٹرول آر ایس ایس کے ہاتھوں میں ہے اور نریندر مودی ایک ہندوستانی کو دوسرے سے لڑانے کے لئے منصوبہ B رکھتے ہیں۔ لیکن ان کا یہ منصوبہ بہار میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ جھوٹ بولنا بند کریں اور ملک کے عوام کے لئے کام کرنا شروع کریں جیسا نتیش جی کررہے ہیں۔

کشن گنج میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ بہار میں عظیم تر اتحاد کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے این ڈی اے قائدین کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ہماری حکومت عوام کی حکومت ہوگی اور یہ سرمایہ داروں اور سوٹ بوٹ کے لوگوں کی حکومت بالکل نہیں ہوگی۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے بھی قبل ازیں مودی حکومت کو ’’تری ایڈیٹس‘‘ ریمارکس پر شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے وزیراعظم مودی جی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنتادل (یو)۔ آر جے ڈی۔ کانگریس اتحاد کو فلم ’’تھری ایڈیٹس‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم تری ایڈیٹس کی طرح یہ اتحاد بھی بہار میں غیر معمولی کامیاب رہے گا۔ بہار میں اب جبکہ دو مراحل کے انتخابات باقی ہیں، سکیولر اتحاد کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور کئی انتخابی ریالیوں سے راہول گاندھی بھی خطاب کرنے والے ہیں۔ بہار میں اب تک تین مراحل کے انتخابات پرامن طور پر منعقد ہوچکے ہیں۔ یہاں اصل مقابلہ عظیم تر سکیولر اتحاد اور بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کے درمیان ہے۔