نریندر مودی کو بارک اوباما کا فون اور مبارکباد

واشنگٹن /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج نریندر مودی کو ٹیلیفون کرکے لوک سبھا انتخابات میں ان کی اور بی جے پی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اوباما نظم و نسق نے کہا کہ منتخب وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ امریکہ نے گجرات فسادات کے پیش نظر 2005ء میں انھیں ویزا دینے سے انکار کیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کامیابی کے چند گھنٹوں کے اندر ہی وہائٹ ہاؤس نے اظہار اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں ہند۔ امریکی تعلقات میں مزید پیش رفت ہوگی۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے بھی نریندر مودی کو مبارکباد دی۔

بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی پر بیرونی سربراہان مملکت اور حکمرانوں نے مبارکبادی پیامات روانہ کئے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کے متمنی ہوئے۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے مودی کی ستائش کی اور کہا کہ مودی سے ملاقات کے لئے بے چین ہیں اور عاجلانہ تاریخ میں وہ مودی سے ملاقات کریں گے۔ انھوں نے برطانیہ کے دورہ کی دعوت دی ہے۔

وزیر اعظم آسٹریلیا ٹونی ابوٹ نے اپنے مبارکبادی پیام میں کہا کہ ان کا ملک اور ہندوستان قریبی تعلقات کو مستحکم کرے گا۔ وزیر اعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ وہ مودی سے ملاقات کرکے تعلقات کو سعت دینا چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ سربراہ بانکی مون نے بھی مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے ہندوستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد کی ستائش کی ہے۔