نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی، ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ اور پی ڈی پی لیڈر طارق حامد قرا ایسے امیدواروں میں شامل ہیں جنہوں نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلہ کیلئے آج پرچہ نامزدگی داخل کی۔ 63 سالہ نریندر مودی نے ودودرا سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد کہا کہ اچھی حکمرانی ان کا مقصد ہے۔ ودودرا میں سہ رخی مقابلہ ہوگا۔ مودی اپنے کانگریس جنرل سکریٹری حریف مدھوسدن مستری کا سامنا کریں گے۔ مستری دراصل کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے بااعتماد لیڈر ہیں۔ اس حلقہ سے عام آدمی پارٹی نے اپنا مقامی امیدوار سنیل کلکرنی کو میدان میں اتارا ہے۔ سنیل کلکرنی میکانیکل انجینئر ہیں۔ مودی کی یہ نامزدگی 30 اپریل کو ہونے والی رائے دہی کیلئے ہے۔ مودی نے اس موقع پر زبردست روڈ شو بھی منعقد کیا۔ ودودرا کی سڑکوں سے گذر کر وہ پرچہ داخل کرنے پہنچے تھے۔ ان کے ہمراہ بی جے پی ورکرس اور حامیوں کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد شریک تھی۔
یہ جلوس بعض ان علاقوں سے بھی گذرا جہاں مسلمانوںکی اکثریتی آبادی رہتی ہے۔ مودی کا استقبال کرنے کیلئے مسلمانوںکی بڑی تعداد اپنے گھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر جمع تھی۔اس دوران انتخابی عہدیداروں نے نریندر مودی کے ودودرا کلکٹر آفس میں داخلہ کا ویڈیو فٹیج دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتاہیکہ انہوں نے مقررہ تعداد سے زائد حامیوں کے ساتھ پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر گجرات نے ودودرا کلکٹر کو ان کے آفس میں داخلہ کا فٹیج فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مقررہ قواعد کے تحت کسی امیدوار کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کرنے صرف 5 افراد کو داخلہ کی اجازت ہے۔