نریندر مودی کا بحیثیت وزیراعظم اوّلین دورہ وارناسی

وارناسی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل اپنے لوک سبھا حلقہ انتخاب وارناسی کا وزیراعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ دورہ کریں گے اور امکان ہے کہ اِس کی ترقی کے منصوبوں کو مستحکم بنائیں گے۔ قدیم مندروں کے شہر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور صیانتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم امکان ہے کہ ایک تجارتی سہولیات کے مرکز برائے بافندوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ایک دیہات کی سنسد آدرش گرام یوجنا کے تحت ذمہ داری بھی قبول کریں گے۔ یوپی کے چیف منسٹر اکھیلیش یادو وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔ مرکزی وزیر برائے ٹکسٹائیلس سنتوش گنگوار بھی موجود رہیں گے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (پروٹوکول) او پی چوبے نے اِس کی اطلاع دی۔ آئی جی پی (عوامی شکایات) اشوک جین کے بموجب 12 سپرنٹنڈنٹ پولیس رتبہ کے یوپی کے پولیس عہدیدار، 18 ایڈیشنل ایس پی، 20 ڈپٹی ایس پی، 31 ایس آئی اور ایک ہزار سے زیادہ ملازمین پولیس یا صوبائی مسلح کانسٹبلری کے سپاہی تعینات کئے جائیں گے۔ خصوصی تحفظاتی گروپ وزیراعظم کی صیانت کا ذمہ دار ہے، جس کی مدد یوپی پولیس کے عہدیدار اور سپاہی کریں گے۔ امکان ہے کہ وزیراعظم کا دورہ 24 گھنٹے سے کچھ زیادہ دیر کے لئے جاری رہے گا۔ اِس سے وارناسی کے شہریوں میں بہتر مستقبل کی اُمیدیں پیدا ہوگئی ہیں۔ اِس شہر کا انفراسٹرکچر خستہ حالت میں ہے اور بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے۔ دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک وارناسی مستقل طور پر توجہ کا مرکز بنا رہا ہے، جب سے کہ نریندر مودی نے اِس حلقہ انتخاب سے مقابلہ میں حصہ لیا تھا۔ بعدازاں 3 لاکھ 70 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے منتخب ہونے کے بعد اپنی آبائی ریاست گجرات کے حلقہ انتخاب وڈودرا سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا جہاں سے اُنھیں 5 لاکھ 70 ہزار سے بھی زیادہ ووٹوں کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔ اپنے دورہ کے موقع پر امکان ہے کہ وزیراعظم تجارتی سہولیات مرکز کا سنگ بنیاد اور ایک دستکاری میوزیم کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے، جس کا اعلان پہلے عام بجٹ کے دوران جاریہ سال جون میں اُن کی حکومت نے کیا تھا۔ اِس پراجکٹ کا مقصد بافندوں کی حالت بہتر بنانا ہے جن کے حال زار کو مودی نے بار بار اپنی انتخابی تقریروں میں اُجاگر کیا تھا اور عہد کیا تھا کہ اُن کی بہتری کے لئے اقدامات کریں گے۔ وہ پاور لوم مرکز کا بھی افتتاح کریں گے۔ مودی ارناسی کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور اِس سلسلہ میں ذمہ داریاں تفویض کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے بموجب وہ کل جیا پور دیہات کا دورہ بھی کریں گے اور وہاں کے عوام سے خطاب کریں گے۔ امکان ہے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ مثالی دیہات اسکیم کے تحت اِس دیہات کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان بھی کریں۔ مودی کے حلقہ انتخاب کے میڈیا انچارج سنجیو بھردواج نے اِس کا اعلان کیا۔ مقامی بی جے پی قائدین کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ یہ وزیراعظم کا اپنے لوک سبھا انتخابی حلقہ کا پہلا دورہ ہے جہاں اُنھیں زبردست سبقت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے ملک کو ’’اسکام انڈیا‘‘ سے ’’اسکل انڈیا‘‘ میں تبدیل کردینے کے ارادہ کا اظہار کیا ہے۔