کسان اور مزدور دشمن پالیسیاں، صرف کارپوریٹ کو فائدہ: سیتارام یچوری
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری سی پی آئی (ایم ) مسٹر سیتا رام یچوری نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی ح کومت مخالف عوام، کسان دشمن ، مخالف مزدور پالیسیوں اور ہندوتوا ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجہ میں ملک کو سیاسی عدم استحکام اور انتشار جیسے مسائل کا سامناہے اور ملک کی سالمیت کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ وہ آج سندریا وگنیان کیندرم میں منعقدہ ’’میٹ دی میڈیا‘‘ اجلاس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت اپنے سیاسی اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے جوائنٹ پارلیمنٹرین کمیٹی میں مشاورت کئے بغیر ہی پارلیمنٹ میں بے شمار بلوں کو پاس کر رہی ہے جو ایک انتہائی افسوسناک امر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے قانون حصول اراضی بل پر جاری کئے گئے آرڈیننس کے نتیجہ میں غریب کسانوں کیلئے کئی مسائل پیدا ہوگئے اور کہا کہ بی جیپی حکومت نے محض سرمایہ داروں اور کارپوریٹ شعبہ جات کو نفع پہنچانے کی غرض سے قانون حصول اراضی پر آرڈیننس جاری کیا ہے جو کسانوںکیحق میں نقصان دہ ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے نریندر مودی کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک کے تمام شعبہ جات میں سرمایہ مشغول کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ یو پی اے دورحکومت میں خود بی جے پی نے بیرونی سرمایہ کاروں کو اندرون ملک سرمایہ کاری کی اجازت پر شدید مخالفت کی تھی لیکن آج وہی بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد خود اس کی حمایت کر رہی ہے جو ایک معیوب بات ہے ۔