ماہ جون میں تین با مقصد اسکیمات کا اعلان ، مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ مرکز آندھرا پردیش کے لیے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں تعاون دراز کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت نے نئے دارالحکومت کے لیے ایک کروڑ روپئے منظور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے اہم پروگرامس جیسے اسمارٹ سٹی پراجکٹ ، اٹل مشن برائے اربن رینیول اینڈ ٹرانسفارمیشن ( اے ایم آر یو ٹی ) اور سب کے لیے امکنہ کا جون میں آغاز ہوگا ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ان تین بامقصد پروگراموں کے لیے اسٹیک ہولڈرس بشمول ریاستی حکومتوں اور اربن لوکل باڈیز کے ساتھ مشاورت تکمیل ہوگئی ہے ۔ حکومت ان پروگرامس کو جون میں ’ کنوینینٹ ڈے ‘ پر متعارف کرے گی ۔ صحافتی نمائندوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران نریندر مودی حکومت کے کارناموں سے عوام واقف ہیں ۔ اسمارٹ سٹی وزیر اعظم کا ایک خوابی پراجکٹ ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ہر منتخب شہر کو پانچ سالوں کے لیے 100 کروڑ روپئے فی سال مرکز کی طرف سے دئیے جائیں گے ۔ یو پی اے حکومت کے دس سال کے دوران ترقی کا نام و نشان نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سالہ مودی دور حکومت اطمینان بخش ثابت ہوا ہے ۔ مختلف میدانوں میں شاندار کامیابیاں مودی دور حکومت کا کارنامہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ ایک سالہ دور حکومت میں حکومت کے مظاہرہ کے تعلق سے باخبر ہوں ۔ اس کے علاوہ اس دوران نہ صرف قیادت مستحکم ہوئی ہے بلکہ سارا ملک مستحکم ہوا ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مودی حکومت کا صرف ایک ہی مقصد ہے وہ یہ کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں اور ملک میں صاف صفائی کی برقراری کے لیے سوچھ بھارت پروگرام اپنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 2020 ء تک تمام خاندانوں کو امکنہ جات فراہم کردئیے جائیں گے ۔ بہار انتخابات کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ سابق میں بہار کے عوام نے مکمل تائید کی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی یہی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لالو پرساد یادو اور دیگر محاذوں سے نہیں گھبراتی ۔