تلنگانہ میں سرمایہ داروں کی حکومت ، مئی ڈے تقریب سے سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز) مئی ڈے یعنی مزدور پیشہ طبقے کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف شروع کی گئی تحریک کا دن۔ مزدور پیشہ طبقے کے ساتھ انصاف تک سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اے آئی ٹی سی اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ آج یہاں گورنمنٹ پرنٹنگ پریس ایمپلائز یونین کی مئی ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔انہوں نے مرکزی او رریاستی حکومتوں پر کارپوریٹ طبقے کے ہاتھوں کی کٹ پتلی کے طور پر کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ اچھے دن آئیںگے کے نعرے پر مرکز میںنریندر مودی حکومت نے اقتدارحاصل کیا مگر اقتدار حاصل ہونے کے بعد نریندر مودی حکومت میں غریب‘ مزدور پیشہ اور کسان طبقے کے حقوق سلب کرنے کاکام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حصول اراضی بل کے ذریعہ مرکزی حکومت مزدور پیشہ کسان طبقے کا عرصہ حیات تنگ کررہی ہے ۔ انہو ں کہاکہ کارپوریٹ طبقے کو مرعات کی فراہمی کے لئے حصول اراضی بل کو لاگو کرنے کی مرکزکی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مرکز کے حصول اراضی بل کو لینڈ گرابنگ بل سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کسان کی بناء مرضی کے اس کی زمین ہتیانے کے لئے حصول اراضی بل کو منظور و کارگرد بنانے کاکام کررہی ہے۔ ریاستی حکومت کو بھی اپنی شدید تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے تلنگانہ حکومت کوسرمایہ داروں کے لئے کام کرنے والی حکومت کہا۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ مئی ڈے کاانقلاب سرمایہ داروں کو ملک سے نکال کر ساری دنیا میںپھیل چکا ہے اور جب تک غریب طبقات‘ مزدو رپیشہ لوگوں کوانصاف نہیںملے گا مئی ڈے کا انقلاب حکمران طبقے کے لئے مشکلات کھڑی کرتے رہے گا۔رویندر ریڈی جنرل سکریٹری تلنگانہ پرنٹنگ پریس ایمپلائیز یونین کے علاوہ یونس احمد برانچ پریسڈنٹ‘ کے رمیش ‘ بی اوم پرکاش‘ بی شیوا کمار‘ محمد سلیم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قبل ازیں جناب سیدعزیزپاشاہ نے اے آئی ٹی یو سی کا پرچم لہرا کر مئی ڈے تقریب کا آغاز کیا۔