وجئے مالیا پر وضاحت کا مطالبہ، ایس سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔26جون(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے قومی جنرل سکریٹری سرورام سدھاکر ریڈی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کو تمام محاذوں پر ناکام قراردیتے ہوئے کہاکہ بدعنوانی سے پاک انتظامیہ چلانے کا دعوے کرنے والوں کے دور حکومت میںعوام کے لاکھوں کروڑ لے کر فرار ہونے والے رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھاوجئے مالیا کے متعلق وضاحت کریں۔ سدھاکر ریڈی چمپا پیٹ میں سی پی ائی گریٹر حیدرآباد ساوتھ زون کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت ساوتھ زون کنونیر ای ٹی نرسمہا نے کی اور سی پی ائی تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کے علاوہ پارٹی کی ریاستی اور شہری عاملہ کے اراکین اور سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے بھی اس اجلاس میںشرکت کی ۔ سدھاکر ریڈی نے مزید کہاکہ اقتدار حاصل کرنے سے پہلے نریندر مودی نے ہر سال دولاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جبکہ اندرون سو یوم کالا دھن ملک واپس لانے کا بھی اعلان کیا تھا جبکہ دوسال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی نریندر مودی حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل میںناکام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ برخلاف اسکے نفرت کی سیاست کو پروان چڑھانے میں نریندر مودی حکومت نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوںنے ریاست تلنگانہ کو بھی مودی حکومت کے طرز پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ ان دوسالوں میںتلنگانہ حکومت نے بھی اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میںسنجیدگی اختیار نہیںکی ہے ۔