نریندر مودی اور کے سی آر وعدوں کی تکمیل میں ناکام

اقلیتیں کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ، ملو بٹی وکرامارک
حیدرآباد یکم / جون ( سیاست نیوز ) ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے اقلیتوں کو کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل کو حل کرانے کیلئے احتجاجی رخ اختیار کرنے کا کانگریس کے اقلیتی قائدین کو مشورہ دیا ۔ کانگریس کی جانب سے مکمل تعاون پیش کرنے کا وعدہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے صدارت کی ۔ اس اجلاس میں صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل اضلاع صدور میں مسٹر ساجد خان ( عادل آباد ) مسٹر عرفان ( نظام آباد سٹی ) مسٹر صابر ( میدک ) مسٹر تاج ( کھمم ) مسٹر زبیر ( کریم نگر ) مسٹر حنیف ( محبوب نگر ) مسٹر نظام ( نلگنڈہ ) مسٹر محمد جمال شریف ( ورنگل ) ریاستی قائدین میں مسٹر محمد معراج خان ، مسٹر سید فاروق پاشاہ قادری مسٹر اعجاز خان ، مسٹر خواجہ ، ذاکرالدین ، مسٹر شمس الدین ، مسٹر خواجہ غیاث الدین کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے اجلاس میں مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر اور اقلیتوں کے مفادات کا احترام کرنے والی جماعت ہے ۔ جھوٹے وعدے کرتے ہوئے نریندر مودی اور کے سی آر نے ریاست اور مرکز میں اقتدار حاصل کیا ہے ۔ تاہم دونوں ہی حکومتیں عوام سے کئے گئے وعدوں کو تکمیل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات قبضہ شدہ وقف اراضیات دوبارہ وقف بورڈ کے حوالے کرنے وقف بورڈ کو قانونی اختیارات دینے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کے سی آر نے مسلمانوں کو ہتھیلی میں جنت دیکھایا ہے ۔ تاہم 2 سالہ دور اقتدار کی تکمیل کے باوجود ان وعدوں کو پورا کرنے میں حکومت ناکام رہی ہے ۔ اقلیتیں کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ اقلیتوں کے مسائل کو اُٹھانا کانگریس کی ذمہ داری ہے ۔ لہذا تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شہر اور اضلاع میں اقلیتوں کے مسائل کے خلاف آواز اٹھائے اور انہیں حل کرانے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالیں ۔ اس احتجاج کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مکمل تائید و حمایت کرے گی ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے اضلاع و سٹی کے کانگریس قائدین کو ہدایت دی جائے گی ۔ وہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹس کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔ عوام سے قریب ہونا ان کے مسائل پر آواز اٹھانے سے عوام کا کانگریس قائدین اور پارٹی پر اعتماد بحال ہوگا ۔ انہوں نے جولائی تک تمام اضلاع و سٹی کی بلاک سطح تک کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے اقلیتوں کے مسائل پر بالخصوص 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے شہر حیدرآباد و اضلاع سطح پر کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک سے واقف کرایا ۔ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے سٹی اور اضلاع صدور کو مقامی قائدین سے مکمل تعاون نہ ملنے کی شکایت کی اور جولائی کے اواخر تک منڈل و یوتھ سطح تک کمیٹیاں تشکیل دینے کا تیقن دلایا۔ مختلف اضلاع کے صدور و دیگر قائدین نے اپنی اپنی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے تنظیمی سطح پر انہیں درپیش ہونے والے مسائل سے واقف کرایا ۔