ریاست کی تلگودیشم حکومت پر تنقید ، صدر اے پی بی جے پی کے لکشمی نارائن
حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی 10 فروری کو ضلع گنٹور کا دورہ کریں گے ۔ قبل ازیں 4 فروری کو صدر بی جے پی مسٹر امیت شاہ تین مرحلوں میں ریاست آندھراپردیش کا دورہ کریں گے ۔ صدر آندھراپردیش بی جے پی مسٹر کے لکشمی نارائنا نے ریاستی تلگودیشم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو پر معاملہ کو ازخود انجام دینے کی جھوٹ پر مبنی تشہیر کر رہے ہیں اور عوامی دولت سے پولاورم کیلئے سیاحتی دورے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میک ان انڈیا کے ایک حصہ کے طور پر ’’کیا موٹرس ‘‘ کے نمائندوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی اور اسی ملاقات کے پیش نظر کیا موٹرس کمپنی کا آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں قیام عمل میں لایا جاسکا ۔ انہوں نے کہا کہ کیا موٹرس کے نمائندوں نے جس وقت آندھراپردیش کا دورہ کیا تھا تب تلگودیشم قائدین نے ان کو دھمکایا تھا اور وزیر اعظم سکریٹریٹ کی مداخلت پر معاملہ کی یکسوئی ہوسکی ۔ مسٹر لکشمی نارائنا نے مزید کہا کہ چندرا بابو کو کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے لہذا وزیر اعظم اور مرکزی حکومت کی جانب سے کئے ہوئے اقدامات کو اپنے اقدامات کے طور پر پیش کر رہے ہیں ۔ صدر ریاست بی جے پی نے کہا کہ اسپیشل پریس وہیکل کے تحت ریاست آندھراپردیش کو 16500 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے ۔