نئی دہلی ۔14ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر ہندی میں کریں گے۔وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اٹل بہاری واجپائی پہلے وزیراعظم تھے جنہوں نے اقوام متحدہ میں ہندی میں تقریر کی تھی۔ہندی دیوس کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میں بھی ایک وزیر کی حیثیت سے اقوام متحدہ میں ہندی میں تقریر کروں گا ۔ توقع ہے کہ وزیراعظم 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان کی 55فیصد آبادی ہندی بولتی ہے جب کہ 85تا 90فیصد افراد ہندی سمجھتے ہیں۔
داعش کا خاتمہ امریکہ کا مقصد
واشنگٹن۔14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نیشنل سکیوریٹی مشیر ڈینس میک ڈینف نے کہا کہ دولت اسلامیہ دہشت گردوں کے خلاف امریکی مہم اسی وقت کامیاب سمجھی جائے گی جب وہ امریکہ اور مشرق وسطی میں اس کے حلیفوں کے لئے خطرہ نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اوباما نے جس منصوبہ کا اعلان کیا ہے اس کے تحت داعش کا خاتمہ ہوگا۔