چندی گڑھ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر ایڈوکیٹ رام جیٹھ ملانی نے آج نریندر مودی کی زبردست ستائش کرتے ہوئے اُنھیں اقلیتوں کا محافظ و مسیحا قرار دیا۔ انھیں مسلم دشمن قرار دینے کے لئے گہری سازش چلی گئی ہے۔ وزیراعظم کی حیثیت سے اِن کی زبردست اور کھلے عام تائید کرتے ہوئے 90 سالہ جیٹھ ملانی نے کہاکہ چیف منسٹر گجرات اِس ملک کے لئے ایک اوتار بنیں گے۔ اگر راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے تو اِنھیں بہت افسوس ہوگا کیونکہ وہ اِس عہدہ کے لئے موزوں نہیں ہیں۔ جیٹھ ملانی نے کہاکہ نریندر مودی مسلم دشمن نہیں ہیں۔ اِن کے تعلق سے جو کچھ کہا جارہا ہے وہ گمراہ کن ہے، وہ مسلمانوں کے محافظ ہیں اور ان سے محبت رکھتے ہیں۔
اِسی وجہ سے کانگریس پارٹی بے چین اور بے قرار ہے۔ سینئر وکیل نے یہاں ہندوستانی سیاسی منظر میں مودی کی اہمیت کے عنوان پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی اقلیتوں کے حق میں بہت اچھے کام کریں گے۔ انھیں مسلمانوں کا دشمن قرار دیتے ہوئے سازش کی جارہی ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 31 فیصد مسلمانوں نے اِنھیں ووٹ دیا تھا۔ اِسی وجہ سے کانگریس مایوسی کا شکار ہے۔ اُنھوں نے فروری 2002 ء کا ضمنی انتخاب بھی راج کوٹ حلقہ سے جیتا تھا۔ مسلمانوں کی 28 تنظیموں کے قائدین نے راجکوٹ سے ان کی کامیابی کے لئے پرزور حمایت کی تھی۔ اِس کامیابی کے بعد کانگریس مایوسی کا شکار ہوئی۔ مودی مسلمانوں کی تائید سے ہی پہلا انتخاب جیتے تھے۔ گجرات کے مسلمان خاص کر کچھ علاقہ کے مسلمان انھیں بہت عزت دیتے ہیں
کیونکہ انھوں نے زلزلہ متاثرین کی بہترین خدمت انجام دی تھی۔ مسلمانوں کی بڑی تعداد زلزلے سے متاثر تھی۔ ان کے لئے مودی نے بہت کچھ کیا ہے۔ سینئر وکیل نے کہاکہ گجرات کی اسمبلی میں مودی نے اپنے بجٹ میں مسلمانوں کی حمایت کے عوض کافی مراعات دیئے تھے۔ جیٹھ ملانی نے مزید کہاکہ نریندر مودی وزیراعظم بننے کے اہل ہیں جبکہ راہول گاندھی اور عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال موزوں نہیں ہیں۔ میں مودی کی ستائش کسی لالچ یا عہدے کی خاطر نہیں کررہا ہوں بلکہ ان کی کارکردگی دیکھتے ہوئے ستائش کی جارہی ہے۔