نریندر مودی، مسلم دشمن نہیں : رام دیو

حیدرآباد۔/26جنوری، ( پی ٹی آئی ) یوگا گرو بابا رام دیو نے آج سیاسی پارٹیوں پر شدید تنقید کی کہ یہ پارٹیاں نریندر مودی کو مسلم دشمن ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ مودی کی قیادت میں اکثریتی اور اقلیتی طبقات ترقی کریں گے۔ رام دیو نے یہاں پارٹیوں کا نام بتائے بغیر اخباری نمائندوں سے کہا کہ بعض سیاسی پارٹیاں جو مسلمانوں کو ایک ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی آرہی ہیں، مسلمانوں میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مودی ان کے دشمن ہیں، یہ پارٹیاں اس خیال کو پھیلارہی ہیں کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بن جانے کے بعد مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

یوگا گرو جنہوں نے بی جے پی امیدوار نریندر مودی کی مشروط تائید کی ہے کہا کہ مودی میں قائدانہ صلاحیتیں ہیں اور ان کے نیک ارادے اس ملک کی ترقی کا باعث ہوں گے۔ یوگا گرو جنہوں نے بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی مشروط حمایت کی ہے کہا کہ مودی میں قائدانہ صلاحیتیں ہیں۔ مسلمان بھی اپنے ہندو بھائیوں کے ساتھ مل کر خدمت انجام دیں گے۔ مودی کے آنے سے تمام خرابیاں دور ہوں گی۔