آئندہ انتخابات میں بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا ‘ وجئے واڑہ میں تلگودیشم کا مہاناڈو ‘ چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔27 مئی ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے سہ روزہ مہاناڈو کا آج وجئے واڑہ میں آغاز ہوا جو 29مئی تک جاری رہے گا ۔ قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے مہاناڈو کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا ۔ بعد ازاں اپنا افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ریاست کے ساتھ ناانصافی کرنے والی بی جے پی مرکزی حکومت پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہاکہ تلگودیشم کو نقصان پہنچانے کی سازش کرنے والی بی جے پی خود آئندہ انتخابات کے بعد ملک کے عوام کا اعتماد کھو دے گی ۔ انہوں نے جذبات سے مغلوب ہوکر کہا کہ بی جے پی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہی سازش نہیں کررہی ہے بلکہ منادر کے ساتھ بھی سازش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواہ کتنی ہی سازشیں رچی جائیں اور کتنی ہی کوششیں کی جائیں تروملا تروپتی دیواستھانم کو حاصل کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ‘کسی بھی طرح وزیراعظم تروملا تروپتی دیواستھانم پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے آندھراپردیش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت نے ریاست کو تیقن دے کر بھی دھوکہ دیا اور ریاست کی تقسیم کے موقع پر دیئے گئے تیقنات پر بھی مرکزی حکومت عمل آوری نہیں کررہی ہے جبکہ ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا تلنگانہ کی جانب سے تائیدی مطالبہ کیا گیا اور اپنے بھرپور تعاون و مدد کا تیقن دیا تھا ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے کسی ریاست کو بھی خصوصی موقف فراہم نہ کرنے کا اظہار کر کے ملک کی 11ریاستوں کے موقف میں اضافہ کیا ۔ چندرا بابو نے مرکزی بی جے پی حکومت سے استفسار کیا کہ آخر کیوں آندھراپردیش کے ساتھ امتیازی رویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے اور تقسیم ریاست کے موقع پر دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کرنے کا مرکزی حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر نے سخت الفاظ میں کہا کہ کسی بھی صورت میں بی جے پی کو معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ حقوق حاصل کرنے تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے اپنے عزم کا اظہار کیا اور آندھراپردیش کے ساتھ ہورہی ناانصافیوں کے خلاف ’’ دھرما پوراٹم ‘‘ کو جاری رکھا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے رائلسیما ڈیکلریشن کے نام سے تنازعہ پیدا کرنے کی جارہی کوششوں پر اپنی شدید برہمی کا اظہارکیا اور پسماندہ علاقوں کو دی جانے والی رقومات کو دوبارہ واپس حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو بی جے پی حکومت سے استفسار کیا کہ بندیل کھنڈ پیاکیج دینے کا تیقن دے کر آخر اب تک کیوں نہیں دیا گیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلگو ریاستیں ( آندھراپردیش و تلنگانہ ) نہ صرف ملک بھر میں بلکہ دنیا بھر میںنالج کیلئے مشہور ہیںجبکہ جے اے ای انٹرنس میںتلگو طلبہ نے ہی ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا جن کی چندرا بابو نائیڈو نے ستائش کی اور کہا کہ غریب طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی سہولتیں بیرونی ممالک میں فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت کی جانب سے 15لاکھ روپیوں کی مالی مدد فراہم کی جارہی ہے ۔ ریاست میں مختلف فلاح و بہبودی اقدامات و پروگراموں کی عمل آوری کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں غریب عوام کیلئے 19لاکھ مکانات تعمیر کرواکر فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ کانگریس کے دور حکومت میں گھروں کے نام پر چار کروڑ روپئے کی بے قاعدگیاں پیش آنے کا الزام عائدکیا ۔ علاوہ ازیں پنچایتوں ‘ آنگن واڑی کیلئے مستقل عمارتیں تعمیر کروائی جارہی ہیں ‘ قومی صدر تلگودیشم پارٹی نے آندھراپردیش میں اقلتیوں کی فلاح و بہبود کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی بجٹ میں زائد رقومات مختص کی گئیں ۔ بالخصوص مساجد کے ائمہ و موذنین کیلئے ماہانہ مشاہیرہ فراہم کیا جارہا ہے اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر حکومت اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ تلگودیشم نے طلاق ثلاثہ بل کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے اس بل کو پارلیمانی کمیٹی سے رجوع کرنے کی سفارش کی ۔ انہوں نے ریاست میں عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں وجئے واڑہ کے مقام پر ’’ حج ہاؤزس کی عالیشان عمارت تعمیر کروانے کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ اسی طرح کڑپہ میں بھی حج ہاؤز کے تعمیری کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آندھراپردیش کے عازمین حج کو راست پروازوں کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر نائیڈو نے پارٹی موقف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم کو عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے اور آئندہ آندھراپردیش میں تلگودیشم کو ہی دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا ۔ انہوں نے پارٹی قائدین و کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دیں ۔ تلگو دیشم پارٹی کے مہاناڈو پروگرام میں مسٹر ایل رمنا ‘ صدر تلنگانہ تلگودیشم آر چندر شیکھرر یڈی ‘ کے وینکٹ راؤ ‘ صدر اے پی تلگودیشم پارٹی و دیگر عہدیداران تلگودیشم پارٹی ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ صدر ضلع تلگودیشم پارٹی و کارکنان کی کثیر تعداد شریک تھی ۔