احمد آباد ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کی سابق وزیر مایابین کوڈنانی نروڈا پاٹیہ فسادات سے متاثرہ علاقے میں موجود تھیں جہاں سال 2002 ء میں 97 افر اد ہلاک ہوگئے تھے۔سپریم کورٹ کی جانب سے نامزد ایس آئی ٹی کے وکیل نے آج عدالت کو اس مقدمہ میں تین گواہان کے حلفیہ بیان کی بنیاد پر یہ بات بتائی ۔ گجرات ہائیکورٹ کی ڈیویژن بنچ کو انہوں نے بتایا کہ نروڈا پاٹیہ فسادات مقدمہ میں تین عینی گواہان نے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کو بتایا کہ علاقہ میں جب فسادات ہورہے تھے ، مایاکوڈنانی وہاں موجود تھیں ۔ عدالت مجرمین ، ایس آئی ٹی اور ساتھ ہی ساتھ متاثرین کی اپیلوں کی سماعت کررہی ہے ۔
سہراب الدین مقدمہ :گجرات آئی پی ایس عہدیدار کی درخواست مسترد
ممبئی ۔ /7 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) خصوصی سی بی آئی عدالت نے آج سینئر آئی پی ایس آفیسر وپل اگروال کی درخواست مسترد کردی جس میں انہوں نے بری الذمہ قرار دینے کی خواہش کی تھی۔ انہیں سہراب الدین شیخ اور تلسی رام پرجاپتی کی فرضی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے مقدمات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ سینئر سی بی آئی عہدیدار نے بتایا کہ اگروال کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔