نینی تال، 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اتراکھنڈ دورے کے دوران وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے دو ملزموں میں سے ایک اہم ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزم ابھی بھی فرار ہے ۔ پتھورہ گڑھ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آر سی راج گورو نے بتایا کہ گزشتہ دنوں پتھورہ گڑھ دورے پر آنے والی سیتا رمن کو دو نوجوانوں نے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ سوشل میڈیا پر دی گئی اس دھمکی سے پولیس سکتے میں آگئی تھی۔ دھمکی دینے والے ملزم کی تحقیقات شروع کی اور بالآخر پولیس کو ان تک رسائل حاصل ہوگئی۔ مسٹر راج گورو نے بتایا کہ دھمکی دینے والا اصل ملزم کی شناخت تارا سنگھ دھانک کے بیٹے کمل دھانک کے طور پر ہوئی ہے جسے پولیس نے گرفتار کرلیاہے ۔ ملزم باغپت کے پتھورہ گڑھ کے منکوٹ، باغپت کا رہنے والا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دھارچولا کا رہنے والا دوسرا ملزم ابھی بھی فرار ہے ۔ پولیس نے وزیر دفاع کے پروگرام سے قبل ملزمین کے گھروں پر چھاپے بھی مارے لیکن بھنک ملتے ہی ملزمین فرار ہوگئے تھے ۔دونوں ملزمین کے خلاف آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دھمکی کے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے ۔ دھمکی دینے کے پس پشت کیا وجوہات تھیں ابھی اس کا پتہ نہیں لگ سکا ہے ۔ مسٹر راج گورور نے مزید بتایا کہ فرار ہونے والے شخص کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر دفاع سیتا رمن پتھورہ گڑھ ضلع کے دورے پر آئی تھیں۔ انہوں نے چینی سرحد کا فضائی معائنہ کیا تھا۔ گونجی میں انہوں نے فوجیوں کا حال دریافت کیا تھا اور دھار چولا میں سابق فوجیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی تھی۔