نرملا سیتا رامن کے دورۂ اروناچل پردیش پر چین کا اعتراض

بیجنگ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع نرملا سیتا رامن کے پہلے دورۂ اروناچل پردیش کی مذمت کرتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ ’’متنازعہ مقام میں ان کا دورہ سرحدی علاقہ میں امن کے لئے سازگار نہیں ہے اور نئی دہلی پر زور دیا کہ سرحدی تنازعہ حل کرنے کیلئے وہ ایک بہتر ماحول پیدا کرے۔ ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے دفاعی تیاری و چوکسی کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز چین سرحد سے متصل اروناچل پردیش کے ضلع انجاو کا دورہ کیا تھا۔ چینی وزارت خارجہ کو ترجمان ہواچن رینگ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستانی وزیر دفاع کے دورۂ اروناچل پردیش کیلئے آپ کو چین کے موقف کے بارے میں بالکل واضح رہنا چاہئے‘‘۔ ایک سوال پر خاتون ترجمان نے جواب دیا کہ ’’چین ۔ ہند سرحد کے مشرقی سیکشن پر تنازعہ ہے چنانچہ متنازعہ مقام پر ہندوستانی فریق کا دورہ اس علاقہ میں امن و دوستی کے لئے سازگار نہیں ہے‘‘۔