راجمندری 16 نومبر (پی ٹی آئی) مرکزی مملکتی وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتا رامن نے دیہاتوں کو اندرون ایک سال مثالی طور پر ترقی دینے مرکزی اسکیم کے تحت آندھرا پردیش کے دو دیہاتوں کو اپنا لیا ۔ شریمتی سیتا رامن نے کہا کہ ضلع مغربی گوداوری کے دو دیہاتوں پدا مائنا واری لنکا اور تھرو پوتلہ کے ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں گے علاوہ ازیں 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ دونوں مواضعات میں خواتین کیلئے ایک کمیٹی ہال ، ایک لائبریری ، پانی کی صفائی کا ایک پلانٹ تعمیر کیا جائے گا ، دیہاتوں میں سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں دیہاتوں کی ترقی کے عمل کو تیز تر بنانے کیلئے ان دیہاتوں کی تاریخ اور تصاویر کو انٹرنیٹ پر پیش کیا جائے گا۔