نرسیس کی ہڑتال سے گاندھی ہاسپٹل میں کشیدگی

دسویں منزل پر احتجاجی دھرنا اور چھلانگ لگا دینے کی دھمکی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : وزیر صحت و طبابت مسٹر لکشما ریڈی کی جانب سے نرسیس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں دئیے گئے تیقن کو پورا کرنے میں ناکامی کے خلاف گاندھی ہاسپٹل کے نرسیس نے زبردست احتجاج منظم کیا جب کہ یہ نرسیس گذشتہ چار یوم سے اپنی خدمات کی انجام دہی سے گریز کرتے ہوئے ہڑتال پر ہیں اور آج اس ہڑتال میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے ہڑتالی نرسیس نے ان کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کرنے اور ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے مطالبہ پر گاندھی ہاسپٹل کی دسویں منزل پر چڑھ کر اپنا احتجاج درج کروایا اور حکومت کو سخت انتباہ دیا کہ وہ ( احتجاجی نرسیس اپنے مطالبات کی یکسوئی تک احتجاج کو جاری رکھیں گے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں نرسیس کی جاری ہڑتال سے زبردست کشیدہ صورتحال پائی جاتی ہے اور گاندھی ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے واضح تیقن دیئے جانے تک وہ ہاسپٹل عمارت کی دسویں منزل سے نہ اترنے کا اظہار کیا ۔ احتجاجی نرسیس نے کہا کہ انتہائی کم تنخواہ پر گذشتہ ایک طویل عرصہ سے خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن کسی حکومت نے بھی ان کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے بلکہ جب کبھی بھی احتجاج شروع کیا جاتا ہے تب حکومت یا انتظامیہ کی جانب سے صرف زبانی طور پر مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا جاتا ہے لیکن احتجاج ختم کرنے کے بعد اپنے اس تیقن سے انحراف کیا جاتا ہے ۔ یہاں تک کہ وزیر صحت مسٹر لکشما ریڈی نے بھی گذشتہ سال ان کے مسائل کو حل کرنے کا واضح تیقن دیا تھا لیکن مسٹر لکشما ریڈی نے بھی اپنے کیے ہوئے وعدے کو فراموش کردیا ۔ جس کی وجہ سے اب کسی پر بھروسہ نہیں ہے اور جب تک ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لیے احکامات جاری نہیں کیے جاتے تب تک ان کی ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔ نرسیس کے جاری احتجاج میں زائد از دو سو نرسیس نے حصہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ احتجاجی نرسوں نے اپنی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے دیرینہ مطالبہ کی عدم یکسوئی پر بلند عمارت سے چھلانگ لگادینے کی دھمکی دی ۔ جس کے بعد پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں عمارت سے نیچے اتارنے کی کوشش شروع کردی ہے ۔۔