پرنسس درشہوار اور پرنسس عیسن اسکول آف نرسنگس کی سالانہ تقاریب ، شریمتی سواراجیہ وانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : پرنسپال وجئے ہیلت کیر اکیڈیمی شریمتی سواراجیہ وانی نے کہا کہ پیشہ نرسنگ ایک انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کا راست تعلق جذبہ خدمت خلق اور انسانی ہمدردی سے مربوط ہے ۔ اس لیے نرسنگ طلباء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ڈسپلن کو برقرار رکھ کر مہارت حاصل کریں ۔ وہ آج یہاں پرنسس عیسن ویمنس ایجوکیشن سنٹر میں منعقدہ پرنسس درشہوار کالج آف نرسنگ اور پرنسس عیسن اسکول آف نرسنگ کی ’ لیمپ لائیٹنگ تقریب ‘ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کالجس کو قابل احترام انسٹی ٹیوشنس میں شمار کیا جاتا ہے ۔ انسٹی ٹیوشنس ہذا کے فارغین کو روزگار نصیب ہوتے ہیں اور کئی فارغ التحصیل طلباء مختلف مقامات پر برسر روزگار ہیں ۔ انہوں نے نرسنگ طلباء پر زور دیا کہ ان کو اپنی تعلیم کے دوران تھیوری کے ساتھ کلینکل تجربات پر خصوصی توجہ دینا چاہئے ۔ کورس کی تکمیل کے بعد پیشہ نرسنگ اختیار کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان پر عائد ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دیں اور خوش اخلاقی اور حسن سلوک ، نرم رویہ اختیار کریں تاکہ پیشہ نرسنگ سے متعلق عوام میں عزت و احترام اور وقار کے رتبہ کو برقرار رکھا جاسکے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائرکٹر پرنسس عیسن ویمنس ایجوکیشن سنٹر شریمتی ڈاکٹر شمع پروین نے اپنی خیر مقدمی تقریر میں ایجوکیشن سنٹر کے نرسنگ کورس اور ایجوکیشن سنٹر کی خدمات پرنسس درشہوار کالج آف نرسنگ کورس کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ لکچرر بی ایس سی نرسنگ نسرین بیگم نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں سواراجیہ وانی نے لیمپ لائیٹنگ تقریب کا شمع جلا کر افتتاح کیا ۔ پرنسپال پرنس درشہوار کالج آف نرسنگ شریمتی وی ایل کے کملاکماری نے نرسنگ اسٹوڈنٹس کو حلف دلایا ۔ شریمتی کانتھی میرلن نے اسٹوڈنٹ نرسنگ اسوسی ایشن ارکان کا تعارف کروایا ۔ بی ایس سی نرسنگ اور جنرل نرسنگ اینڈ میڈوائفری طالبات نے خیر مقدمی ڈانس پیش کیا ۔ اس موقع پر اعلیٰ درجہ میں کامیاب طلباء کو مہمان خصوصی شریمتی سواراجیہ وانی کے ہاتھوں ’ میرٹ ایوارڈس ‘ عطا کئے گئے ۔ انچارج پرنسپال شریمتی پی سریتا نے شکریہ ادا کیا ۔ آخر میں طلباء کی جانب سے قومی ترانہ پیش کیا گیا ۔۔