نرسمہا ریڈی کے پوسٹر پر ٹماٹر کی بارش، ریمارکس پر طلبہ کی برہمی

حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے تلنگانہ کے وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کے اس ریمارک پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ ابھی امتحان میں کامیاب بھی نہیں ہوئے ہیں اور ملازمت مانگ رہے ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے وابستہ طلبہ نے آج آرٹس کالج پر جمع ہوکر مظاہرہ کیا اور احتجاج کے ایک حصہ کے طور پر مسٹر نرسمہا ریڈی کے پوسٹرس پر آلو، ٹماٹر اور دیگر ترکاریاں پھینکی گئیں اور ان سے فی الفور ریمارکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ایک طالبہ مانو تارا نے کہا کہ اس ریمارک سے یونیورسٹی طلب کی توہین ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں اس مسئلہ سے مسٹر نرسمہا ریڈی کی لاشعوری اور تلنگانہ ایجی ٹیشن میں طلبہ کے رول سے ان کی لاعلمی بھی ظاہر ہوگئی ہے۔