حکومت تلنگانہ کا فیصلہ، سرکاری حکم نامہ جاری
حیدرآباد ۔24 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی جینتی کو سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج جی او آر ٹی 89 جاری کیا ۔ احکامات کے مطابق 28 جون کو پی وی نرسمہا راو کی جینتی (یوم پیدائش) تقاریب سرکاری تقریب کے طور پر منائی جائیں گی۔ تمام محکمہ جات کے سربراہوں اور ضلع کلکٹرس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 28جون کو بڑے پیمانہ پر نرسمہا راؤ کی یوم پیدائش تقاریب کا اہتمام کریں۔ ان تقاریب کے اخراجات متعلقہ محکمہ جات کے بجٹ سے مکمل کئے جائیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ سے تعلق کے سبب ٹی آر ایس حکومت نے نرسمہا راؤ کی جینتی تقاریب سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ، حالانکہ اس فیصلہ سے حکومت کو اقلیتی طبقہ کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ حکومت نے اقلیتی طبقہ کے جذبات کو ملحوظ رکھے بغیر ہی نرسمہا راؤ کی جینتی سرکاری تقریب کے طور پر منانے کا فیصلہ کرلیا ۔ واضح رہے کہ بابری مسجد کی شہادت کو روکنے میں وزیراعظم کی حیثیت سے نرسمہا راؤ کی ناکامی کے بعد سے اقلیتوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ حتیٰ کہ خود کانگریس پارٹی نے نرسمہا راؤ سے عملاً لاتعلقی کا اظہار کرلیا ۔ ان کی جینتی یا دیہانت کے دن کانگریس پارٹی کی جانب سے دہلی اور حیدرآباد میں بھی کوئی تقریب منعقد نہیں کی جاتی ہے ۔ آندھراپردیش میں کانگریس حکومت کے باوجود چیف منسٹر اور وزراء ہمیشہ ان تقاریب میں شرکت سے گریز کرتے رہے لیکن ٹی آر ایس نے سرکاری طور پر تقریب منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔