نرسمہا راؤ جینتی تقاریب منانے حکومت تلنگانہ کا فیصلہ

حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راو کی جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ریاستی حکومت کے مشیر برائے ثقافت و سیاحت پی وی رمنا چاری نے آج سکریٹریٹ میں اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تقاریب کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا۔ 28 جون کو پی وی نرسمہا راو کی یوم پیدائش ہے اور ان کے تلنگانہ کے تعلق کے سبب ٹی آر ایس حکومت نے جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اگرچہ پی وی نرسمہا راو کا تعلق کانگریس پارٹی سے تھا لیکن بابری مسجد کی شہادت کو روکنے میں وزیر اعظم کی حیثیت سے ان کی ناکامی کے باعث مسلمانوں میں ناراضگی کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے کبھی بھی اُن کی یوم پیدائش یا دیہانت کے دن کا کوئی خاص اہتمام نہیں کیا ۔ ریاست میںکانگریس حکومت کے باوجود بھی سرکاری سطح پر اور پارٹی کے دفتر گاندھی بھون میں ان کی یاد میں تقاریب سے گریز کیا گیا ۔ چیف منسٹرس اور وزراء جینتی اور دیہانت کی تقاریب میں شرکت سے گریز کرتے رہے لیکن ٹی آر ایس حکومت اسی شخصیت کی جینتی تقاریب کے شاندار انعقاد کی تیاری کررہی ہے ۔